فوج کےخلاف مہم جوئی کے تانے بانے دہلی اور تل ابیب سے شروع ہوکر لندن کے راستے پاکستان پہنچتے ہیں. پیر نورالحق قادری

ریاست مدینہ کے بعد اسلام کا قلعہ پاکستان ہے ،منبر ،مسجد اور محراب کوجو آزادی پاکستان میں حاصل ہے کسی ملک میں نہیں ،علماءکرام کو معاشرے کی بہتری کےلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا.وفاقی وزیرمذہبی امور

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 16 جنوری 2021 22:45

فوج کےخلاف مہم جوئی کے تانے بانے دہلی اور تل ابیب سے شروع ہوکر لندن کے راستے پاکستان پہنچتے ہیں. پیر نورالحق قادری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 جنوری ۔2021ء) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ ملک کی حفاظت ، امن اورخوشحالی میں پاک فوج کااہم کردار ہے ،ریاست مدینہ کے بعد اسلام کا قلعہ پاکستان ہے ،منبر ،مسجد اور محراب کوجو آزادی پاکستان میں حاصل ہے کسی ملک میں نہیں ،علماءکرام کو معاشرے کی بہتری کےلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا.

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور میں علماءسے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرچیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد ، پی ٹی آئی مذہبی امورونگ کے سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ اصغر عارف چشتی، مولانا سلمان شاکر،پیر سید ناظم حسین شاہ،مفتی عاشق حسین،مراد یاسین،چوہدری ارشد گجر،مولاناافضل حیدری،پیر سید حبیب عرفانی،قبلہ قاسم علی قاسمی، حافظ کاظم رضاءنقوی،مولانا ایوب خان،شکیل الرحمن ناصر،بشپ عرفان جمیل،پیر افضل ‘سلطان قادری،ریاض سلطان،مولانا سلمان شاکر،ڈاکٹر بدر منیر،پیراسد اللہ‘شاکر،عبدالرب امجدسمیت عیسائی وہندوبرادری کے اکابرین بھی موجود تھے.

وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے کہا کہ علما کاکام اللہ کے دین اور حکم کی طرف راغب کرناہے اور یہ کام منبر سے سرانجام دیا جا سکتا ہے،منبر،مسجداور محراب کو جو آزادی پاکستان میں حاصل ہے کسی ملک میں نہیں ،علما کرام کو معاشرے کی بہتری کےلئے اپنا کرداد ادا کرنا ہو گا ،علما منبر سے ایسے بیانات نہ دیں جس سے کسی کی دل آزاری ہو ،پاکستان جدید اسلامی فلاحی ملک ہے جسے ریاست مدینہ کے طرز پر بنائیں گے،پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے مخالفین کی تمام سازشیں ناکام ہو ںگی.

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کےخلاف مہم جوئی کے تانے بانے دہلی اور تل ابیب سے شروع ہوکر لندن کے راستے پاکستان پہنچتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس ملک کی حفاظت و امن خوشحالی میں پاک فوج کااہم کردار ہے ،ریاست مدینہ کے بعد اسلام کا قلعہ پاکستان ہے ،لیبیا،یمن اور شام جیسے ممالک میں بھی پہلے فوج کو کمزور کیا گیا اور پھر اداروں کو تباہ کیا گیا،ان کا مقصد اب پاکستان کی فوج کوکمزور کرکے اداروں کوتباہ کرناہے ہمیں ایسی مہم جوئی کو یکجا ہوکر ہی ناکام بناناہے.

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کے نام پر فوج کو برا بھلا کہاجارہاہے جوسراسر غلط ہے،حکومت کوگرانے کیلئے آئینی طریقہ استعمال کریں یاآئندہ الیکشن کا انتظار کریں، اپوزیشن میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں،انتشار اور فتنہ پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے،پی ڈی ایم والے کبھی کہتے ہیں الیکشن کمیشن ٹھیک نہیں، کبھی فلاں ادارہ ٹھیک نہیں،ہم اس سسٹم کو تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے.

انہوں نے ملک کی ایک معروف مذہبی شخصیت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ سنت نبویﷺ پر چلیں ،ٹرمپ کے راستے پرنہ چلیں،فرانس نے جو خاکے پیش کئے ان کےخلاف پاکستان اور ترکی نے موثر انداز میں کھل کر بات کی، وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں کہاتھا کہ تمام مسلم ممالک مل کر گستاخانہ خاکے بنانے والوں کےخلاف آواز بلند کریں.

انہوںنے مزید کہا کہ اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرنے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا موقف دوٹوک ہے اور یہی وجہ ہے کہ دیگر ممالک جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچ رہے تھے اب وہ بھی پیچھے ہٹنا شروع ہوگئے ہیں دریں اثناءکتاب کی رونمائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ علمائے کرام قران پاک کی تعلیم کے فروغ اور لوگوں کو اپنے معاشرتی معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ترغیب کے لیے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں.

پیر نور الحق نے کہا کہ کتاب پڑھنے کے رجحان کو فروغ دینا صحت مند معاشرے کا ایک اہم جز ہے لیکن افسوس کہ ہمارے معاشرے میں کتاب کے مطالعے کو نظرانداز کردیا گیا ہے اور صرف نصاب سے متعلقہ کتابیں ہی پڑھانے کو ترجیح دی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ صحیح اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں علمائے کرام کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ وہ قیمتی کتابیں اور تحقیقی کام لکھ کر کردار ادا کرتے رہے ہیں وفاقی وزیر نے کہا کہ قرآنی تعلیمات اور سنت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہی جدید اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا راستہ ہے.
فوج کےخلاف مہم جوئی کے تانے بانے دہلی اور تل ابیب سے شروع ہوکر لندن ..

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں