پنجاب میں کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے تیاریاں مکمل

پہلے مرحلے میں ویکسینیشن کے لیے 3 لاکھ ہیلتھ ورکرز کی رجسٹریشن ہو گئی ہے،اسکے بعد 65 سال سےزائد عمر کے بزرگ افراد کی ویکسینیشن ہو گی۔وزیراعلیٰ پنجاب کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 19 جنوری 2021 17:23

پنجاب میں کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے تیاریاں مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2021ء) : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پنجاب میں کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ تمام اضلاع کے 189 ہسپتالوں میں 637 سٹاف ممبران کی ٹریننگ مکمل ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں ویکسینیشن کے لیے 3 لاکھ ہیلتھ ورکرز کی رجسٹریشن ہو گئی ہے۔ اس کے بعد 65 سال سےزائد عمر کے بزرگ افراد کی ویکسینیشن ہو گی۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے چین کی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی گئی ۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے چینی کمپنی سائینو فارم کی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے ۔

(جاری ہے)

چینی ویکسین کے استعمال کی اجازت ڈریپ رجسٹریشن بورڈ نے دی ہے ۔ منظوری کے لیے سائینو فارم نے این آئی ایچ کے ذریعے اجازت کے لیے درخواست دی تھی، جس پر ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کا اجلاس ہوا۔ 14 سے 18 جنوری تک جاری رہنے والے اجلاس میں سائنوفارم کی ویکسین کے بارے میں مکمل جانچ پڑتال کے بعد پاکستان میں چینی ویکسین کی منظوری دی گئی ہے۔ اجازت ملنے کے بعد اب چینی کورونا ویکسین پاکستان میں استعمال ہو سکے گی، سائینو فارم نے کورونا ویکسین چینی حکومت کے اشتراک سے تیار کی ہے، اور یہ چینی نیشنل میڈیکل پراڈکٹس ایڈمنسٹریشن سے رجسٹرڈ ہے۔

سائینو فارم کی کورونا ویکسین کی کامیابی کا مجموعی تناسب 79 فی صد ہے، پاکستان نے پہلے فیز کے لیے کورونا ویکسین سائینو فارم سے لینے کا اعلان کیا تھا، پاکستان سائینو فارم سے کورونا ویکسین کی 12 لاکھ ڈوز خریدے گا۔ واضح رہے کہ چین نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکیسن کی لاکھوں خواراکیں تیار کر لیں، شینجن ائیرپورٹ پر ویکیسن کی ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھرپور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں