وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت کمشنرآفس ساہیوال میں 3گھنٹے طویل اجلاس

اپوزیشن کا ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے،پی ڈی ایم ٹولے کا عوامی مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں،موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست کرنیوالے دشمن کا ایجنڈا پورا کررہے ہیں، پی ڈی ایم کی منفی سیاست دفن ہوچکی ،سردارعثمان بزدار ساہیوال کو ترجیح دینے پر عثمان بزدار قابل تحسین ہیں،ساہیوال کیلئے وزیراعلیٰ کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں:ارکان اسمبلی وٹکٹ ہولڈر ز

منگل 19 جنوری 2021 23:43

وزیراعلیٰ پنجاب  کی زیر صدارت کمشنرآفس ساہیوال میں 3گھنٹے طویل اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آج ساہیوال کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت کمشنر آفس صوبائی وزرا،ارکان پارلیمنٹ اور ٹکٹ ہولڈر ز کا3گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا ، ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدارکوعوامی مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تجاویز کوخود نوٹ کیا اورمسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے۔ موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست کرنیوالے دشمن کا ایجنڈا پورا کررہے ہیں -پی ڈی ایم ٹولے کا عوامی مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں ۔انہوںنے کہا کہ مسترد شدہ عناصر صرف ایک دوسرے کو دھوکہ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم کی منفی سیاست دفن ہوچکی ۔

تحریک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ ترقی کا سفر میں ترقی کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیںگے۔مشاورت سے ڈویلپمنٹ پلان بنا کرجلد عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔لاہور،چکوال، راجن پور کے بعد دیگر اضلاع کے ڈویلپمنٹ پلان پر کام جاری ہے۔ دورہ کرنے کا مقصد عوام کے مسائل سے آگاہی اور ارکان اسمبلی سے مشاورت ہے۔

ہر ضلع میں جاکر ڈویلپمنٹ سمیت تمام امور کا خود جائزہ لوں گا۔انتظامیہ اور ارکان اسمبلی کے درمیان مثالی اشتراک کار اہم امر ہے۔انہوںنے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کارڈیالوجی بلاک ساڑھے 5ارب کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال میں 128 بیڈز کا کارڈیالوجی بلاک بنے گا۔کارڈیالوجی بلاک میں انجیو گرافی،انجیو پلاسٹی اور امراض دل کے علاج کی دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹیچنگ ہسپتال کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے منصوبے کا جائزہ لیا جائے گا۔ساہیوال کوموٹر وے سے منسلک کرنے کی تجویزکا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ چیچہ وطنی،کمالیہ رجانہ روڈ کی تعمیر و توسیع کا منصوبہ زیر غور ہے۔چیچہ وطنی میں انڈسٹریل سٹیٹ بنانے کا منصوبہ بھی جلد شروع ہوگا۔

ارکان اسمبلی وٹکٹ ہولڈرز نے کہا کہ ساہیوال کو ترجیح دینے پر عثمان بزدار قابل تحسین ہیں۔ ساہیوال کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ایم این اے رائے مرتضی اقبال،صوبائی وزراء نعمان لنگڑیال، صمصام بخاری، رائے حسن نواز،وائس چیئرمین اوورسیزپاکستانیزکمیشن پنجاب وسیم اختر،ٹکٹ ہولڈرز،تحریک انصاف کے عہدیداران، کمشنر، آر پی او،سیکرٹری صحت اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں