22 سالہ لڑکی سوتیلے باپ کے ہاتھوں زیادتی کا نشانہ بن گئی

ملزم سوتیلی بیٹی کو جنات سے ڈرا کر زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا

muhammad ali محمد علی منگل 19 جنوری 2021 23:50

22 سالہ لڑکی سوتیلے باپ کے ہاتھوں زیادتی کا نشانہ بن گئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جنوری2021ء) 22 سالہ لڑکی سوتیلے باپ کے ہاتھوں زیادتی کا نشانہ بن گئی، ملزم سوتیلی بیٹی کو جنات سے ڈرا کر زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں حوا کی ایک اور بیٹی کی عزت تار تار کر دی گئی۔ لاہور پولیس کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق زوہیب شاہ نامی ظالم شخص اپنی بیوی کی پہلی شادی سے ہونے والی 22 سالہ بیٹی کو مسلسل جنسی درندگی کا نشانہ بناتا رہا۔

ملزم متاثرہ لڑکی کو جنات سے قتل کروا دینے کی دھمکیاں دے کر بار بار زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ بعد ازاں متاثرہ لڑکی نے ہمت کر کے اپنے والد کو تمام معاملے سے آگاہ کیا اور پھر پولیس کے ہاں شکایت درج کروانے پر ملزم گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

متاثرہ لڑکی کے باپ کی مدعیت میں تھانہ کوٹ لکھپت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مدعی وحید اشرف کا کہنا تھا میری سابقہ بیوی نے مجھ سے علیحدگی کے بعد ملزم زوہیب شاہ کے ساتھ شادی کی، زوہیب شاہ نے میری بیٹی کے ساتھ زیادتی کی۔

مدعی کا کہنا تھا ملزم نے میری بیٹی کو جنات سے مروانے کی دھمکیاں بھی دیں۔ مدعی کی درخواست کے بعد عدالت نے گرفتار ملزم زوہب شاہ کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ چند ماہ کے دوران رپورٹ ہونے والے جنسی زیادتی کیس کی شرح میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ لاہور میں موٹروے زیادتی کیس کے بعد ملک بھر میں عوام نے ایک مہم شروع کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ جنسی زیادتی ملزمان کو سرعام پھانسی یا سخت ترین سزائیں دی جائیں۔

وزیراعظم اور کئی وزراء نے بھی اس مطالبے کی حمایت کی۔ کچھ روز قبل جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کیلئے وفاقی کابینہ نے’’کسٹریشن قانون‘‘ فوری نافذ کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ ارکان نے اتفاق کیا کہ کسٹریشن کی سزا کیلئےعالمی اداروں سے رائے لینے یا آمادگی کی ضرورت نہیں۔ ارکان نے رائے دی کہ بچوں اور خواتین سے زیادتی کے ملزمان رعایت کے مستحق نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں