42 سالہ باپ نے 5 ماہ کی معصوم بیٹی کو بے دردی سے قتل کر دیا

بچی کے رونے پر غصہ آیااور بے رحمی سے اس جھنجھوڑ جھنجھوڑ کر مارڈالا

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 20 جنوری 2021 06:37

42 سالہ باپ نے 5 ماہ کی معصوم بیٹی کو بے دردی سے قتل کر دیا
برمنگھم (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جنوری 2021ء)   انسان کے اندر کی وحشت اگر کبھی باہر نہ آئے تو اس کے جیسی خوبصورت مخلوق زمین پر نہیں ہے ۔خوبصورت تو خیر انسان کو اللہ تعالیٰ نے بنایا ہی ہے کہ اسی لیے اسے اشرف المخلوقات کے ٹائٹل سے بھی نوازا گیا ہے مگر آجکل جس طرح کی خبریں سننے کو ملتی ہیں اس میں انسان کے اشرف ہونے کا اعزاز بھی دھندلا جاتا ہے۔

معصوم بچوں کے ساتھ ریپ اور پھر انہیں بے دردی سے مارڈالانا اس قسم کے واقعات ہیں کہ سن کر روح بھی لرز اٹھتی ہے۔اپنے جگر گوشوں کا قتل کرناایسا سفاک کام ہے کہ کوئی درندہ بھی ایسا کرنے سے پہلے سو بار سوچے مگر یہ انسان ہی ہے کہ جس کے اندر کا حیوان جب اس پر غالب آتا ہے تو وہ ایسا سب کچھ کر ڈالتا ہے کہ جس کا کبھی وہ خیال کرنے پر بھی کانپ اٹھتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ برمنگھم کے علاقے ویسٹ منڈز میں پیش آیا جہاں بیالیس سالہ باپ فلپ پیس دوپہر کے وقت سو رہا تھا کہ اچانک اس کی پانچ ماہ کی بیٹی نے چلانا شروع کر دیا۔شروع میں اس نے بیٹی کو چپ کرانے کی کوشش کی مگر وہ بدستور روتی رہی۔اس پر فلپ کو غصہ آیااور وہ ایسا کام کر گیا کہ جس کے بعد اس کی بیٹی ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گئی۔جب بچی کی سانسیں رک گئیں تو باپ نے اسپتال عملے کو بلایا جنہوں نے بچی کی موت کی تصدیق کر دی۔

بعدازاں جب معاملہ کھلا تو باپ نے کہا کہ بچی شور کررہی تھی تو میں نے ا سکے گھٹنے پر مکا مارا جس کے بعد یہ خاموش ہو گئی۔جبکہ میڈیکل میں ایسے لرزا دینے والے انکشافات سامنے آئے کہ کوئی یقین بھی نہیں کر پایا۔بیالیس سالہ باپ نے اپنی پانچ ماہ کی بیٹی کو اس طرح خوفناک انداز میں جھنجھوڑا کہ اس کی موت واقع ہو گئی۔میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچی کی موت اسے جھنجھوڑنے سے پیش آئی۔

اس قدر گرفت کے ساتھ پکڑ کر بچی کو خوفناک حالت میں جھنجھوڑا گیا تھا کہ اسکے پھیپھڑے کام کرنابند کر گئے اور اس کی ریڑھ کی ہڈی اور آنکھوں سے خون رسنا شروع ہو گیا۔باپ نے اپنی بیٹی کے قتل سے انکار کیا جبکہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق وہ ایک ظالم باپ ثابت ہوا ہے جس نے اپنی معصوم بیٹی کا بے رحمی سے قتل کیا ہے لہٰذا پولیس نے قاتل باپ کو گرفتار کر کے عدالت پیش کر دیا ہے جہاں اس کے کیس پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں