خواجہ سرا ئوں کیلئے کوٹہ مختص نہ ہونے کیخلاف درخواست پرپنجاب پبلک سروس کمیشن کے ٹیسٹ ملتوی

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل زمان خان نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا

جمعرات 21 جنوری 2021 13:35

خواجہ سرا ئوں کیلئے کوٹہ مختص نہ ہونے کیخلاف درخواست پرپنجاب پبلک سروس کمیشن کے ٹیسٹ ملتوی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ سرا ئوں کے لئے پنجاب پبلک سروس کمیشن میں کوٹہ مختص نہ ہونے کیخلاف دائر درخواست پر لیکچرار کے لیے ہونے والے ٹیسٹ ملتوی کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل زمان خان نے خواجہ سرا ء فیض اللہ کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار فیض اللہ کے وکیل علی زیدی نے موقف اختیار کیا کہ اردو لیکچرر کی پوسٹ کے لیے درخواست جمع کروائی گئی تھی تاہم خواجہ سرا ء ہونے کی وجہ سے درخواست کو مسترد کر دیا گیا۔درخواست میں کہا گیا کہ خواجہ سرائوں کو لیکچرر کی پوسٹ پر بھرتی کے حوالے سے کوئی گنجائش نہیں دی گئی، یہ پالیسی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ بطور پاکستانی شہری مجھے مقابلے کے امتحان کا اہل قرار دیا جائے اور عدالت پنجاب پبلک سروس کمیشن کی پالیسی کو کالعدم قرار دے۔فاضل عدالت نے درخواست پر پنجاب بھر میں لیکچرر کے ٹیسٹ ملتوی کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں