آئی جی پنجاب کافیصل آباد پٹرولنگ پولیس کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا نوٹس

انکوائری کے بعد ذمہ داران کے خلاف بلاتاخیر سخت محکمانہ اورقانونی کاروائی یقینی بنانے کی ہدایت

جمعرات 21 جنوری 2021 23:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور قانون کی یکساں عمل داری کو یقینی بناتے ہوئے فیصل آباد میں پٹرولنگ پولیس کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کے ذمہ داران کے خلاف زیرو ٹالرینس کے تحت سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی جبکہ محکمانہ کاروائی میں بھی تاخیر نہ کی جائے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ دوران ڈیوٹی اختیارات سے تجاوز اور شہریوں سے غیر مہذب رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں اورایسے واقعات میں ملوث افسران و اہلکاروں کا محاسبہ پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ ایسی کالی بھیڑوں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی گئی اور واقعہ میں ملوث چاروں اہلکاروں کوگرفتار کرکے انکے خلاف قانون کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیااور مزید قانونی کاروائی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے فیصل آباد میں پٹرولنگ پولیس کی فائرنگ سے شہری کے ہلاکت کے واقعہ کے بعد افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیاجبکہ اس حوالے سے سی پی او فیصل آباد کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ آئی جی پنجاب کو بھجوادی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں پٹرولنگ پولیس کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مقدمے میں پٹرولنگ پولیس کے چار اہلکاروںشاہد منظور،غلام دستگیر،عثمان حمیداور محسن سفیان کوگرفتار کر لیا گیا ہے ۔

واقعہ کی تفصیل کے مطابق پٹرولنگ پولیس نے پہلے چیچہ سٹاپ پر کار کو روکا اس دوران گاڑی میں سوار وقاص اور اہلکاروںمیں تلخ کلامی ہوگئی جس پر کارسواروں نے گاڑی بھگادی اور پٹرولنگ اہلکاروں نے انکا تعاقب شروع کردیا ۔ گاڑی بھگانے پر پٹرولنگ اہلکاروں نے تعاقب کیا اور آر اے بازار کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔ فائرنگ سے وقاص زخمی ہوا جو بعد ازاں جاں بحق ہوگیا۔ سی پی او فیصل آباد کیپٹن (ر) سہیل چوہدری کے مطابق مقدمہ میںنامزد چاروںپٹرولنگ اہلکاروں کوپہلے ہی گرفتار کیا جاچکاہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ مقتول کی فیملی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں