وزیر اعظم کی فارن فنڈنگ کیس میں عام سماعت کی پیشکش نے اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکال دی‘ فردوس عاشق

دیکھتے ہیںکل پارلیمنٹ میںکون اپنی بات کی لاج رکھتے ہوئے استعفے جمع کراتا ہے‘مولانا کا ملین مارچ دراصل سکس ملین ڈالربچائو مارچ ہے‘پریس کانفرنس

جمعرات 21 جنوری 2021 23:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) احتجاج کی آڑ میں اسلام آباد میں سیاسی دیہاڑی داروں کا اجتماع ہوا۔مولانا کا ملین مارچ دراصل سکس ملین ڈالر بچائو مارچ ہے ۔یہ درد اسرائیل کی مخالفت کا نہیں بلکہ اقتدار سے محرومی کا ہے۔ جنہوں نے اسرائیل کو تسلیم کیا انکے خلاف تو مولانا بات تک نہیں کرتے۔مولانا بتائیں کہ کس کے اشارے پر بیک ڈور ڈپلومیسی کیلئے اسرائیل اپنا نمائندہ بھیجا۔

جب تک مظلوم فلسطینیوں کو انکا حق نہیں مل جاتا تب تک اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا عمران خان کا موقف سب پر واضح ہے ۔پی ڈی ایم کی احتجاجی سیاست استعفے دینے سے شروع ہوئی اورفارن فنڈنگ کیس سے ہوتی ہوئی اسرائیل مخالف ریلی پر منتج ہوئی ہے ۔دیکھتے ہیں قومی اسمبلی میں سپیکر کے پاس جا کر اپنا وعدہ وفا کرتے ہوئے استعفیٰ کون دیتا ہے۔

(جاری ہے)

اب پی ڈی ایم اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ نہ پاس کر پا رہی ہے نہ ہی برداشت کرپا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کے آفس میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسرہمایوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے فارن فنڈنگ کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کیس کی عام سماعت کا اعلان کرکے پی ڈی ایم کے ان سیاستدانوں کے غبارے سے ہوا نکال دی جنہوں نے بڑی مشکل سے پھیپھڑوں کا زور لگا کر یہ غبارہ پھلایا تھا۔

تحریک انصاف اپنے ڈونرز کی فہرستیں اور رسیدیں الیکشن کمیشن میں پیش کر چکی ہے۔جو لوگ پی ٹی آئی کے خلاف آہ و بکا کر رہے تھے اب اپنی رسیدیں الیکشن کمیشن میں پیش کریں۔مولانا کو چاہئے کہ مدارس کے چندوں کی رسیدیں پیش کریں ۔ پی ٹی آئی کا دامن صاف ہے ، انشا اللہ عوام کی عدالت میں سرخروہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ نام کے شریف ہیں اندر سے انکی سیاہ کاریوں سے عوام آگاہ ہیں۔

اکبر ایس بابرکو انہوں نے اپنے لئے ڈھال بنایا۔یہ لوگ ہمیشہ کوئی نہ کوئی ایسا بت تراشتے ہیں۔صحافیوں کے سوالوںکا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس نے کہا نیب کا ایک پراسس ہے ، نیب کو نہ کسی کیس کو درج کرنے سے پہلے حکومت کی مشاورت کی ضرورت ہے نہ کیس ختم کرنے کے لئے۔چوہدری برادران ہمارے اتحادی ہونے کے ناطے مل کرسینیٹ الیکشن لڑیں گے اور پی ٹی آئی اور اس کے اتحادی ملکر ہی اداکاروں اور کٹھ پتلیوں کو شکست دیں گے۔

کسی بھی جمہوری عمل کے اندر سیاسی جماعتیں جمہوریت کا حسن ہیں۔اپوزیشن کے بغیر سیاست کے رنگ پھیکے ہیں۔پی ڈی ایم نے اپنی حرکتوں سے اس حسن کو گہنا دیا ہے ۔پی ڈی ایم والے مولاناکے شکنجے میں جکڑے گئے ہیں۔ووٹ کو عزت دو کا نعرہ پیچھے رہ گیا اور نوٹ کو عزت دو آگے نکل گیا ہے۔ کونسل آف نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے عہدیداران نے بھی معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر انور اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ڈاکٹر اسلم ڈوگر بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں میڈیا اداروں کیلئے اشتہارات، مجوزہ پریس قوانین اور نئی میڈیا پالیسی کے حوالے سے مسائل کے حل پر گفتگو کی گئی۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق نے تنظیم کے عہدیداران کو یقین دلایا کہ حکومت ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے مضبوط اور مستٓحکم میڈیا اداروں کے وجود پر یقین رکھتی ہے ۔

حکومتی کارکردگی کو موثر انداز میں عوام تک پہنچانے کیلئے میڈیا کے کمزور کردار کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا اداروں کی تنظیموں کو میڈیا کو سرکاری اشتہارات پر انحصار کا عادی بنانے کی بجائے د یگر صنعتوں کے بزنس ماڈل کے مطابق چلانے کے بارے میں سوچنا ہو گا تاکہ آجر اور اجیر کے مفادات کا ایک خود کار نظام کے تحت تحفظ یقینی بنایا جا سکے ملاقات میں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی ، نائب صدر ارشاداحمد عارف،اعجاز الحق، ایاز خان ، کاظم خان ، اویس رازی، وقاص طارق اور زبیر محمود نے شرکت کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں