آئی جی پنجاب سے اقلیتی شہریوں کے چھ رکنی وفدکی سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات

تمام اقلیتی شہریوں کو پنجاب پولیس کے بھرتی پراسس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے‘انعام غنی

جمعہ 22 جنوری 2021 15:55

آئی جی پنجاب سے اقلیتی شہریوں کے چھ رکنی وفدکی سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں بسنے والے اقلیتی شہری اور تمام مذاہب و مسالک کے پیروکار پاکستانی معاشرے کا حسن ہیں جن کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ اور انہیں سروس ڈلیوری کی باآسانی فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،پنجاب پولیس میں بھرتی کے عمل کو مکمل شفافیت ، غیر جانبداری اور میرٹ کے عین مطابق مکمل کیا جارہا ہے اور تمام اقلیتی شہریوں کو پنجاب پولیس کے بھرتی پراسس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ وہ بھی پولیس فورس کا حصہ بن کر ملک و قوم کی حفاظت ، خدمت اور ترقی میں اپنا نمایاں کردار ادا کرسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں اقلیتی شہریوں کے چھ رکنی وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وفد میں خالد شہزاد، ڈائریکٹر ڈوروتھیا سنٹر فار سپیشل چلڈرن، لیو پال بشپ آف ملتان، رومانہ بشیر نمائندہ پاپ انٹر فیتھ،کلیان سنگھ کلیان پروفیسر جی سی یو،ریسرچ سکالر آصف عقیل اور ایڈووکیٹ عاطف جمیل شامل تھے جبکہ دوران ملاقات اقلیتی شہریوں کی پنجاب پولیس میں بھرتی اور سیکیورٹی سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب پولیس میں اقلیتوں کے لیے کوٹہ کے تحت سرکاری ملازمتوں پر بھرتی کے مقررہ معیارکو برقرار رکھاجارہا ہے اور مختص کردہ تمام سیٹوں پر اقلیتی شہریوں کی بھرتی کو ترجیحی بنیادوں پریقینی بنایا جائے گالہٰذا عیسائی، سکھ، اور ہندو سمیت دیگر اقلیتی شہری پنجاب پولیس فورس میں ملازمتیں حاصل کرنے کیلئے بھرتی پراسس کا حصہ بنیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اقلیتوں کے ساتھ پیش آنے والے جرائم کی روک تھام کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں کمانڈ افسران بذات خود سرگرم عمل ہیںاور اقلیتوں کے ساتھ پیش آنے والے جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کاروائی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ بھٹوں پر اقلیتی مزدوروں سے جبری مشقت کروانے والے بھی کسی رعائیت کے مستحق نہیں اور انکے خلاف زیرو ٹالرینس کے تحت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کاوشیں جاری رہیں گی ۔

وفد میں شامل شخصیات نے اقلیتی عبادت گاہوں اور شہریوں کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس کی کاوشوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں اقلیتوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پرپنجاب پولیس کی کارروائیاں اطمینان بخش ہیں ، اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اقلیتی شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مستقبل میں بھی کاوشیں جاری رکھی جائیں تاکہ اقلیتی شہری یکساں طور پر ملکی ترقی میں اپنا نمایاں کردار ادا کر سکیں ۔

آئی جی پنجاب نے دوران اجلاس گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس میں مذہب ، قومیت ، فرقہ یا کسی بھی لحاظ سے کسی ملازم یا شہری کو فوقیت یا ترجیح نہیں دی جاتی ، پاکستان کے تمام شہری برابر ہیں اور انکی جان و مال اور عزت وآبرو کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے عملی ہر ممکن اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔دوران ملاقات ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں