وزیراعلیٰ پنجاب سے جرمنی کے سفیربرن ہارڈ سٹیفن کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

پنجاب اور جرمنی کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے مربوط اقدامات اٹھانے پر اتفاق جرمن سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں ، ہر طرح کی سہولتیں دی جائینگی،عثمان بزدار پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے آپکا ویژن لائق تحسین ہے ،جرمن کمپنیاں پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی‘جرمن سفیر

جمعہ 22 جنوری 2021 18:29

وزیراعلیٰ پنجاب سے جرمنی کے سفیربرن ہارڈ سٹیفن کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں جرمنی کے سفیربرن ہارڈ سٹیفن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا- ملاقات میں پنجاب اور جرمنی کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے مربوط اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا- وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے جرمن سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گی-جرمنی پاکستان کا بہترین پارٹنر ہے -آٹو موبائل انڈسٹریز ،انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت اور سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے جرمنی کے تجربے اورمہارت سے استفادہ کریں گے - پنجاب جرمنی کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں لیڈ لے گا-پنجاب حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ایک چھت تلے سہولتیں فراہم کی ہیں -پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی پرکشش ماحول مہیا کیا گیا ہے اور پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات فراہم کی جا رہی ہیں -جرمن سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں - جرمن سرمایہ کار کمپنیوں کو ہر طرح کی سہولتیں دی جائیں گی-انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مختلف شہروں میں سپیشل اکنامک زونز بنا رہی ہے اور ان زونز میں سرمایہ کاری کے لئے تمام سہولتیں ایک چھت تلے موجود ہیں - صوبے میں صنعتی ترقی کا عمل شر وع ہو چکا ہے -تعمیراتی شعبے میں بھی بے پناہ پوٹینشل موجود ہے -انہوں نے کہا کہ سیمنٹ کی 5 فیکٹریوں کو این او سی جاری کر چکے ہیں جبکہ مزید 12 سیمنٹ فیکٹریوں کو جلد این او سی جاری کیا جائے گا-انہوں نے کہا کہ کم ترقی یافتہ علاقو ں کی ترقی پر فوکس کیا ہے - جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے لئے خصوصی پیکیج دیا گیا ہے - انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام تحریک انصاف کی حکومت کا بڑا اقدام ہے - ترقی کے سفر کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچایا ہے -زرعی شعبہ کی ترقی پر پوری توجہ ہے - کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا-کپاس کے نئے بیج کے لئے بھی کام کر رہے ہیں-انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لئے ایگریکلچرکریڈٹ کارڈ کی سکیم لا رہے ہیں - پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج دیں گے - رواں برس پنجاب بھر میں ہیلتھ کوریج پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا-تحریک انصاف کی حکومت سروس ڈلیوری ، گڈگورننس اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو ترجیح دیتی ہے - رکاوٹوں کے باوجود ترقی کے سفر کو جاری رکھا ہی- جرمنی کے سفیربرن ہارڈ سٹیفن نے کہا کہ پنجاب آکر دلی خوشی ہوئی ہے -پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے آپ کا ویژن لائق تحسین ہے -جرمن سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں -پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گی- پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب ،چیئرمین پی اینڈ ڈی ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں