پی ڈی ایم کے ٹولے کی گھٹیا سیاست کی لٹیا ڈوب چکی ہے‘فردوس عاشق اعوان

استعفوں، لانگ مارچ کی گیڈر بھبکیوں کے بعد اب تحریک عدم اعتماد کا شوشہ چھوڑا گیا ،ان بزدل لوگوں میں عدم اعتماد کی بھی جرأت نہیں عوام ان ڈرامہ باز عناصر کی رگ رگ سے واقف، پی ڈی ایم پر عدم اعتماد کر چکے ہیں، عمران خان کے ہوتے ہوئے کسی کو این آر نہیں ملے گا

ہفتہ 23 جنوری 2021 19:02

پی ڈی ایم کے ٹولے کی گھٹیا سیاست کی لٹیا ڈوب چکی ہے‘فردوس عاشق اعوان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے ٹولے کی گھٹیا سیاست کی لٹیا ڈوب چکی ہے، استعفوں، لانگ مارچ کی گیڈر بھبکیوں کے بعد اب تحریک عدم اعتماد کا شوشہ چھوڑا گیا ہے لیکن ان بزدل لوگوں میں عدم اعتماد کی بھی جرأت نہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہزادے نے عدم اعتماد کا گھسا پٹا سکرپٹ لکھا ہے اور شہزادے کی عدم اعتماد کی بڑھک پر جعلی راجکماری اور مولانا شاک میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا آغاز بھی عبرتناک تھا اور انجام بھی عبرتناک نظر آ رہا ہے۔ عوام ان ڈرامہ باز عناصر کی رگ رگ سے واقف ہیں اور حقیقت میں پی ڈی ایم پر عدم اعتماد کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے کسی کو این آر او نہیں ملے گا اور لوٹ مار کا حساب ہو کر رہے گا۔ کورونا کی دوسری لہر کے دوران بھی بدبودار بیانیہ پھیلانے والوں کی سیاست آخری ہچکیاں لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت نے کورونا کا پھیلائو روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کی767 نئے مریض رپورٹ ہوئے کورونا سی14 مریض انتقال کر گئے ہیں اور پنجاب میں اموات کی مجموعی تعداد 4537 ہو چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 18735افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے اور اب تک 2791548 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں