وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر ریلویز اعظم خان سواتی کی ملاقات

ریلویز اراضی پر قبضہ واگزار کرانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل، شجرکاری کے فروغ،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پراجیکٹس پر تبادلہ خیال وزیراعلیٰ کی ریلویز اراضی واگزار کرانے، شجرکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں میں معاونت کی یقین دہانی ریلویز اراضی واگزار کرانے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائیگا،ریلویز کو پنجاب پولیس کی پوری سپورٹ فراہم کرینگی:عثمان بزدار پنجاب حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہیں،ریلویز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عزم رکھتے ہیں:اعظم سواتی

ہفتہ 23 جنوری 2021 20:31

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر ریلویز اعظم خان سواتی کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں وزیر ریلویز اعظم خان سواتی نے ملاقات کی جس میں ریلویز کی اراضی پر قبضہ واگزار کرانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے امور پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں ریلویز کی زمینوں پر شجرکاری کے فروغ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پراجیکٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیکرٹری ریلویز اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے میں ریلویز کی اراضی واگزار کرانے، شجرکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کے حوالے سے معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ریلویز حکام کے ساتھ مل کر اراضی واگزار کرانے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ریلویز کو پنجاب پولیس کی پوری سپورٹ فراہم کریں گے اور ریلویز کی بنجر اراضی پر شجرکاری کیلئے بھی ہمارا تعاون آپ کے ساتھ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے سفر پر چل پڑا ہے۔ تحریک انصاف نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔الزام تراشی اور جھوٹ پرمبنی منفی سیاست کرنے والے عناصر کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔ملک احتجاج کے ذریعے نہیں بلکہ محنت، خدمت اور دیانت سے آگے بڑھتے ہیں اور پاکستان کے عوام صرف ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ وزیر ریلویزاعظم خان سواتی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ریلویز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عزم رکھتے ہیں اور ریلویز کو منافع بخش بنانے کیلئے نئے بزنس ماڈل پر کام کر رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں