وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وفاقی وزراء شیخ رشید احمد اور پیر نورالحق قادری کی ملاقات،سیاسی امور اورامن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

امن و امان کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے پر اتفاق ،مذہبی منافرت لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں، قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گی:عثمان بزدار وفاقی وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد معاشرے میں تحمل، برداشت اور میانہ روی کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہی: وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری

ہفتہ 23 جنوری 2021 20:38

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وفاقی وزراء شیخ رشید احمد اور پیر نورالحق قادری کی ملاقات،سیاسی امور اورامن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی و سیاسی امور اورامن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کی مزید بہتری کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے پر اتفاق کیا گیا اور مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا۔ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ صوبے میں کسی کو قانون ہاتھ میںلینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی مٹی ہم سے یکجہتی اور یگانگت کا تقاضا کرتی ہے۔ نفاق کے بیج بونے والوں کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔ قوم کو تقسیم کرنے کی ناپاک سازش کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی۔ قومی مفادات کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دینے والوں کو عوام مسترد کر چکے ہیں ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ معاشرے میں تحمل، برداشت اور میانہ روی کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔پاکستان کو اتحاد و اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں