پنجاب حکومت کا بسنت پر پابندی برقراررکھنے کا فیصلہ

کسی کو بھی پنجاب میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی‘پتنگ بازی کاسامان بنانے اور بیچنے والوں کے خلاف بھی کاروائی ہوگی .وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 27 جنوری 2021 17:19

پنجاب حکومت کا بسنت پر پابندی برقراررکھنے کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 جنوری ۔2021ء) حکومت پنجاب نے بسنت منانے پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے وزیر قانون پنجاب اور وزیراعلیٰ کی ملاقات میں بسنت سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا ہے . وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی پنجاب میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی وزیراعلیٰ کی جانب سے خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے.

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، فیصل آباد اور راولپنڈی میں بسنت کی تیاریوں کی رپورٹ تھی اطلاعات ہیں کہ کچھ افراد فروری کے دوسرے ہفتے بسنت منانا چاہتے تھے لیکن وزیراعلیٰ پنجاب نے تجاویز اور سفارشات مسترد کردی ہیں. صوبائی حکومت نے پتنگیں بیچنے، ڈور بنانے والوں اور اڑانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے خیال رہے کہ ماضی میں پتنگ بازی کے دوران گلے میں ڈور پھرنے سے کئی افراد جان بحق ہوچکے ہیں.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں