شہباز شریف کی طرف سے جیل میں میڈیکل بورڈ تشکیل دینے و ذاتی معالج کو شامل کرنے کی دائر درخواست پر تحریری حکم جاری

بدھ 27 جنوری 2021 23:40

شہباز شریف کی طرف سے جیل میں میڈیکل بورڈ تشکیل دینے و ذاتی معالج کو شامل کرنے کی دائر درخواست پر تحریری حکم جاری
ِلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2021ء) احتساب عدالت نے شہباز شریف کی طرف سے جیل میں میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور بورڈ میں ذاتی معالج کو شامل کرنے کی دائر درخواست پر تحریری حکم جاری کرتے ہوئے سیکرٹری صحت کو شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس فوری طور پر فراہم کرنے اور انکے ذاتی معالج پروفیسر عارف خان، پروفیسر عقیل باری اور پروفیسر طاہر نصر کوبورڈ میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایڈمن جج جواد الحسن نے بدھ کے روز گزشتہ درخواست سماعت کا تین صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ شہباز شریف کو میڈیکل رپورٹس فراہم کرنا قانونی حق ہے اور انکی درخواست کو قانون کے مطابق نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔تحریری فیصلہ میں عدالت نے کہا کہ ملزم شہباز شریف مسلسل میڈیکل رپورٹس کی عدم فراہمی کی شکایت کر رہے ہیں جبکہ شہباز شریف کے ذاتی معالج انکی بیماری سے بہتر واقف ہیں،ان کی میڈیکل بورڈ میں شمولیت ملزم کے طبی معائنے کے دوران ثمر آور ثابت ہو گی۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو درخواست گذار شہباز شریف نے موقف اختیار کیا تھا کہ میں کینسر و دل سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہوں ،جیل میں چیک اپ کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور میڈیکل بورڈ میں ذاتی معالجین کو بھی شامل کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ میڈیکل بورڈ میں کینسرو دل سمیت دیگر امراض کے ماہر ڈاکٹرز شامل کیے جائیں۔ عدالت نے 20 جنوری کو پنجاب حکومت کو میڈیکل بورڈ بنانے اور اس میں درخواست گذار ملزم کے ذاتی معالج کو شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی تھی۔ گزشتہ روز عدالت نے اس حوالے سے اپنا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں