بزدار حکومت کابچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچانے کیلئے احسن اقدام،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم کا افتتاح کردیا

پہلے مرحلے میں 12 اوردوسرے مرحلے میں 24اضلاع میں 9ماہ سے 15سال تک کے 1کروڑ 93لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کی جائیگی

بدھ 27 جنوری 2021 22:43

بزدار حکومت کابچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچانے کیلئے احسن اقدام،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم کا افتتاح کردیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مقامی ہوٹل میں صوبے میں ٹائیفائیڈ سے بچاؤکے حفاظتی ٹیکے لگانے کی خصوصی مہم کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹائیفائیڈ سے بچاؤکے حفاظتی ٹیکے لگانے کی خصوصی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی خصوصی مہم کا آغاز یکم فروری سے ہوگا۔

15فروری تک جاری رہنے والی مہم میں پہلے مرحلے میں 12اضلاع کے 9ماہ سے 15برس تک کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیںگے جبکہ مئی میں دوسرے مرحلے میں24اضلاع میں مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ٹائیفائیڈ کانجوگیٹ ویکسین ہمارے بچوں کو مہلک بیماری سے تحفظ فراہم کرے گی۔انہوںنے کہا کہ میڈیا، عالمی ادارہ صحت، یونیسف کے نمائندگان،ڈاکٹرز اور تمام پارٹنرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی حکومت عام آدمی کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور اس کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ شعبہ صحت ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ پنجاب میں یہ پہلی حکومت ہے جو ماں اور بچے کی صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ ہماری حکومت نے میانوالی،اٹک،بہاولنگر،سیالکوٹ،راجن پور، لیہ اور لاہور 7نئے زچہ و بچہ ہسپتالوں کی تعمیر پر کام شروع کر رکھاہے۔

چلڈرن ہسپتال لاہور میں یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ مرحلہ وار نئے میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیاں بنائی جائیں گی۔پنجاب میں صحت سہولت کارڈز کا دائرہ کار 36 اضلاع تک پھیلا دیا گیا ہے جبکہ انصاف میڈیسن کارڈ کے ذریعے وبائی بیماریوں ہیباٹائٹس ، ٹی بی اور ایڈز جیسی مہلک بیماری میں مبتلا مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جار ہی ہیں۔

پرائم منسٹر ہیلتھ اینیشیٹیوکے تحت8 اضلاع اٹک، چنیوٹ، ڈی جی خان، میانوالی، جھنگ، قصور، لودھراں اور راجن پورکے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے لیے 8ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے۔ پنجاب میں ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کی کمی کوپورا کرنے کیلئے میرٹ پر پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مجموعی طور پر تقریباً 32ہزاربھرتیاں کی گئی ہیں۔

پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کی وباء میں جنگی بنیادوں پر کام کرتے ہوئی9ماہ کے عرصہ میں 20 نئی بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹریز قائم کی ہیں جبکہ مزید4لیبارٹرز جلد قائم کر دی جائیں گی۔پنجاب میں روزانہ ٹیسٹنگ کیپسیسٹی کو4سو سے بڑھا کر25ہزار تک کیا گیا۔اسی طرح کورونا وائرس کے مریضوںکے علاج اورادویات پر حکومت پنجاب 14ارب کی خطیر رقم خرچ کر چکی ہے۔

رواں سال سرکاری ہسپتالوں کے طبی سامان کی خریداری کیلئے 10ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ حکومت پنجاب وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے میں یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام شروع کررہی ہے اوراس پروگرام کے تحت12کروڑ عوام کو صحت اورعلاج کی مفت سہولت میسر ہوگی۔صوبائی کابینہ اس پروگرام کی اصولی منظوری دے چکی ہے۔ابتدائی طورپر 2اضلاع ساہیوال اورڈیرہ غازی خان سے یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کا آغاز کیا جارہاہے ۔

عوام کی خدمت اورفلاح وبہبود کیلئے یہ ایک تاریخی اقدام ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔پنجاب میں یونیسف،عالمی ادارہ صحت ،بل اینڈ ملنڈا گیٹ فاؤنڈیشن اورمحکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے اشتراک سے ٹائیفائیڈ کانجو گیٹ ویکسینیشن مہم شروع کی جارہی ہے ۔پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12اضلاع اور دوسرے مرحلے میں دیگر 24اضلاع میں 9ماہ سے 15سال تک کے شہری علاقوں کے ایک کروڑ 93لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کی جائے گی ۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اعلان کیا کہ ٹائیفائیڈ کانجو گیٹ ویکسین حفاظتی ٹیکوں کے شیڈول میں ہی شامل کردی جائے گی اور پاکستان ٹائیفائیڈ کانجو گیٹ ویکسین کو حفاظتی ٹیکوں میں شامل کرنے والاپہلا ملک ہوگا۔انہوںنے کہا کہ یہ ویکسینیشن مہم محض ایک سرکاری فریضہ نہیں بلکہ کارخیر،قومی خدمت اوردراصل نیکی کا کام ہے۔میری اپیل ہے کہ محکمہ صحت کے حکام اورعملہ اس مہم کو پوری توجہ اوردیانتداری سے سرانجام دیں۔

میں ٹائیفائیڈ کانجو گیٹ ویکسینیشن مہم میں تعاون پر یونیسف،GAVI،ڈبلیو ایچ او اوربل اینڈ ملنڈا گیٹ فاؤنڈیشن سمیت دیگر تمام سٹیک ہولڈرز اورمعاونین کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ہم پنجاب کو نہ صرف کورونا فری ،پولیو فری،ٹائیفائیڈ فری بلکہ ہر متعدی بیماری سے پاک بنائیںگے۔یہ ہمارا عزم ہے اورمیرا یقین ہے کہ ہم اس میں کامیاب ہوںگے۔میںمحکمہ صحت کی پوری ٹیم کو شاندار پروگرام کے آغاز پر شاباش دیتا ہوں ۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شعبہ صحت کے حوالے سے کیے گئے ہراقدام کو پورا سپورٹ کیا ہے جس پر میں ان کی شکر گزار ہوں ۔بچوں کو ٹائیفائیڈ کے مرض سے بچانے کیلئے یہ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے اوراس پروگرام کے تحت بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیںگے۔جس کے لئے ہسپتالوں اورمراکز صحت کے ساتھ سکولوں میں بھی سنٹر بنائے جائیںگے۔

انہوںنے کہا کہ کورونا وباء کے دوران پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں بروقت اقدامات کیے جسے پوری دنیا میں سراہاگیا۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا کہ بچوں کو ٹائیفائیڈسے محفوظ رکھنے کیلئے یہ زبردست پروگرام ہیں کیونکہ بچے ہی ہمارا مستقبل ہیں۔ہماری حکومت کی پوری توجہ تعلیم اورصحت کی سہولتیں بہتر بنانے کی جانب ہے۔

سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہاکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہمیشہ ہماری رہنمائی کی ہے اوران کی قیادت میں محکمہ صحت پنجاب نے ڈینگی،کورونا ،پولیو اوردیگر امراض سے عوام کو بچانے کیلئے موثر اقدامات کیے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہمیشہ ہماری حوصلہ افزائی کی ہے ۔انہوںنے کہا کہ ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے کو دیگر حفاظی ٹیکوں کے پروگرام میں شامل کیاگیاہے اورمارچ 2021ء سے بچوں کو ٹائیفائیڈ کا حفاظتی انجکشن بھی لگایا جائے گا۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندے ڈاکٹر محمد اسامہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ شاندار اقدام ہے اورٹائیفائیڈ کی یہ ویکسین مکمل طورپر محفوظ ہے۔یونیسف کے نمائندے ہری کرشنا بنسکوٹہ نے کہاکہ محکمہ صحت نے ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کیلئے بہترین پروگرام شروع کیا ہے جس پر میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اوران کی پوری ٹیم کو تحسین کرتا ہوں ۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس،مشیربرائے صحت حنیف پتافی،معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان،سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیپٹن(ر) محمد عثمان ،ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، یونیسف اوراعلی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں