منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف کو جیل میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا حکم

جمعرات 28 جنوری 2021 19:25

منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف کو جیل میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا حکم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کو جیل میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار لیگی رہنما خواجہ آصف کی جیل میں بی کلاس دینے کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت خواجہ آصف کی جانب سے طاہر خلیل سندھو اور عطا تارڑ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ خواجہ آصف کو بنیادی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل اسد علی عباس عدالت میں پیشی پر اپنا جواب جمع کروایا۔جیل حکام کے مطابق خواجہ آصف کو علیحدہ سیل میں رکھا گیا ہے۔ ملزم کو ٹی وی، اخبار، ٹیبل اور میٹریس فراہم کردیا گیا ہے۔

جیل حکام کے مطابق خواجہ آصف کو قانون کے مطابق سہولیات دی گئی ہیں جبکہ ملزم کو ہیٹر اور گھر کے کھانے کی سہولت عدالتی حکم سے مشروط ہوگی۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ آصف کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے خواجہ آصف کو ذاتی معالج سے چیک اپ کروانے، ملزم کو روم ہیٹر اور گھر کا کھانے فراہم کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں