جذبہ فائونڈیشن کے زیراہتمام 50خواتین میں بیوٹی پارلرز کا سامان، جوکی سلائی مشینیں ،کمپیوٹرزتقسیم

خواتین کو معاشی استحکام فراہم کئے بغیر وومن امپاورمنٹ کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد مقبول ملک کی نصف آبادی کو نظرانداز کرکے ملکی ترقی اور معاشی خوشحالی کی منزل حاصل نہیں ہوسکتی،جذبہ فائونڈیشن ہنرمند خواتین کو معاشی خودکفالت کے قابل بنانے کا مشن جاری رکھے گی:سابق گورنر پنجاب

جمعرات 28 جنوری 2021 21:35

جذبہ فائونڈیشن کے زیراہتمام 50خواتین میں بیوٹی پارلرز کا سامان، جوکی سلائی مشینیں ،کمپیوٹرزتقسیم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2021ء) سابق گورنر پنجاب اور پاکستان جذبہ فائونڈیشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد مقبول نے کہاہے کہ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کئے بغیر وویمن امپاورمنٹ کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے جسے نظرانداز کرکے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنا ممکن نہیں۔

خواتین کے صحت کے مسائل بھی معاشی خوشحالی سے منسلک ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں جذبہ فائونڈیشن کی جانب سے 50ہنرمند مستحق خواتین میں بیوٹی پارلرز قائم کرنے کیلئے پارلرچیئرز سمیت تمام آلات ، کٹس اور میک اپ کا سامان نیز سلائی کڑھائی کرنے والی خواتین میں جوکی مشینیں، سٹینڈز اور الیکٹرک موٹرزکے علاوہ کمپیوٹرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ جذبہ فائونڈیشن اب تک 9کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان ہنرمند خواتین کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے فراہم کرچکی ہے۔اس کارخیر میں ریٹائرڈ آرمی آفیسرز اور دیگر شعبوں کے مخیر حضرات کا بھرپور تعاون شامل ہے۔تقریب میں میجر جنرل (ر) مصطفیٰ کوثر، میجر جنرل(ر) طارق حمید، البرکہ بنک کے سابق چیئرمین مسٹر شفقات اور دیگر ڈونرز حضرات نے شرکت کی۔

جنرل خالد مقبول نے بتایاکہ جذبہ فائونڈیشن 2009سے دکھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے اور فائونڈیشن سے استفادہ کرنے والے افراد کی تعداد 33ہزار ہے جبکہ 900ہنرمند خواتین کو معاشی خودکفالت کیلئے ذاتی کاروبار، سلائی کڑھائی، بیوٹی پارلرزاور کمپیوٹر سینٹرز بنانے کیلئے مشینری و آلات فراہم کر چکی ہے۔ اس موقع پر جذبہ فائونڈیشن سے استفادہ کرنے والی خواتین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جذبہ فائونڈیشن کی جانب سے ہنرمند خواتین کی حوصلہ افزائی سے ان کے گھروں میں خوشحالی آ رہی ہے اور انہیںدوسروں پر انحصار کرنے کی بجائے اپنا روزگار شروع کرنے کا موقع ملا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جذبہ فائونڈیشن مخیر حضرات کے تعاون سے خواتین کے معاشی استحکام کے مشن کو جاری رکھے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں