مریم ہر روز نیا جھوٹ ایجاد کر کے اس کی مارکیٹنگ کرتی ہیں‘ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

ڈسکہ میں شکست نے جعلی راجکماری کو ذہنی صدمہ پہنچایا ہے جس کی بنا ء پر وہ اداروں کو ڈسکہ الیکشن سے نتھی کر رہی ہیں ڈسکہ الیکشن کو خونی بنانے کا سہرا بھی ماڈل ٹائون کے ماسٹرمائنڈ رانا ثنا اللہ کے سر ہے جو سارا دن ڈسکہ میں دندناتا رہا

بدھ 24 فروری 2021 23:44

مریم ہر روز نیا جھوٹ ایجاد کر کے اس کی مارکیٹنگ کرتی ہیں‘ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2021ء) ڈسکہ میں (ن) لیگ کو عوام نے دھول چٹائی ہے اب ان کے ہوش ٹھکانے آنے میں وقت لگے گا، اعصابی مریضہ ہرروز تھیٹر سجاتی ہیں اور اپنے پٹارے سے نیا جھوٹ ایجاد کرتی ہیں اور پھر اس جھوٹ کی مارکٹنگ کرتی ہیں اور یہ بھول جاتی ہیں کہ ان کے بیانات سے قومی سلامتی کے ادارے متنازعہ ہوتے ہیں اور قومی مفاد کو نقصان پہنچتا ہے،جعلی راجکماری دراصل سیاست کا نشہ پورا کرتے ہوئے اداروں کو متنازعہ بناتے ہوئے مودی کی حمایت حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے الحمرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جعلی راجکماری نے ڈسکہ کے الیکشن کو اداروں کے ساتھ نتھی کر کے ایک نیا شوشہ چھوڑا ہے کہ ہماری ایجنسیاں اس الیکشن میں کسی سیاسی مقصد کے لئے کام کر رہی تھیں جبکہ وزیر آباد والے حلقہ میں جہاں ن لیگ جیتی ہے وہاں کہتی ہیں کہ شفاف الیکشن ہوئے۔

(جاری ہے)

دراصل پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ن لیگ کو ڈسکہ میں شکست سے دوچار کرکے ذہنی صدمہ پہنچایا ہے اورجعلی راجکماری صدمہ کی کیفیت سے ابھی تک باہر نہیں آئی۔ن لیگ درحقیقت دھاندلی لیگ ہے اور اس جماعت کی نائب کپتان کا کام اپنا بیانیہ جھوٹ کے ذریعے مارکیٹ کرنا ہے۔ دھاندلی لیگ اور عمران خان کے درمیان کانٹے دار میچ میں پی ٹی آئی کے کپتان نے 20پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کی پیش کش کرکے انتہائی عمدہ یارکر کے ذریعے ان کے بیانیہ کو کلین بولڈ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو 337 پولنگ ا سٹیشنز کے نتائج تک کہیں دھاندلی نظر نہیں ائی اور جب بقیہ 23پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آنا شروع ہوئے تو دھاندلی دھاندلی کا رونا شروع کر دیا۔ڈسکہ والوں نے گدی نشینی اور جان نشینی کی سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے۔ 2018 میں ن لیگ نے 40 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے ڈسکہ سے الیکشن جیتا اور آج ان کے تمام ہتھکنڈوں اور نوٹوں کی بوریاں گھر گھر بانٹنے کے باوجود پی ٹی آئی کو فتح نصیب ہوئی۔

ڈسکہ میں تحریک انصاف کے امیدوار کی فتح عوام کے عمران خان پر اعتماد کی مظہر ہے۔ جعلی راجکماری نے اپنی جھوٹوں کی ریاست بنا رکھی ہے جس پر وہ خیالی حکمرانی کرتی ہیں۔ صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ میرے متعلق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی۔ ویڈیو سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ جب ڈسکہ میں پی ٹی آئی کے کارکنان کو گولیوں سے بھونا گیااور رانا ثنا اللہ ڈیتھ سکواڈ لے کر سارا دن ڈسکہ میں دندناتا رہا تو فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین رانا ثنا اللہ کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کے لئے بضد تھے۔

میں ویڈیو میں انہیں باور کرا رہی تھی کہ کسی شخص کو ایف آئی آر میں نامزد کرتے وقت زمینی حقائق مدنظر رکھنا چاہیے تاکہ وہ قانون کے شکنجے سے بچ نہ سکے۔ مدعی کا حق ہے وہ جس کو چاہے ایف آئی آر میں نامزد کرے۔ معاملہ کی تحقیقات کرنا اور مدعی کو مشورہ دینا پارٹی قیادت کا حق تھا۔ جو لوگ موجود تھے اور جن کی موجودگی میں فائرنگ ہوئی ان کو ایف آئی آر کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ڈسکہ الیکشن کو خونی بنانے کا سہرا بھی رانا ثنا اللہ کے سر ہے۔ ماڈل ٹان کے ماسٹر مائینڈ نے پر امن ماحول کو پر تشدد بنایا۔ ن لیگ انتقامی کی سیاست کی بانی ہے۔ڈسکہ کے عوام نے ن لیگ کی تمام چالیں ناکام بنا دیں جبکہ پیسے کا ہتھیار بھی غیر موثر رہا۔ اب ان کو سینٹ الیکشن میں بھی ناکامی ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ یہ لوگ ماضی میں کالا کوٹ پہن کر جس شخص کو سپریم کورٹ میں نا اہل کروانے گئے تھے آج نوٹوں کے سہارے اسے سینیٹر بنانے کیلئے بضد ہیں۔

اپنے ذاتی مفاد کیلئے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ کا امیدوار تو بنا دیا مگر پی ڈی ایم کی پارٹیوں کی راہیں آج بھی جدا ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ریل گاڑی کی دو پٹریاں ہیں جو ساتھ ساتھ چلیں گی مگرکبھی ملیں گی نہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سلطنت رائیونڈ کے ولی عہد کی رہائی سے مریم نواز کے ہاں سوگ کی کیفیت ہے۔ شاہی خاندان میں مریم الیون بمقابلہ حمزہ الیون میچ شروع ہونے والا ہے جس میں ولی عہد الیون کے ہاتھوں جعلی راجکماری چاروں شانے چت ہوں گی۔

مریم اور حمزہ دونوں بچپن سے ہی کبھی بھی ایک پیج پر نہیں رہے۔ حمزہ شہباز کی صرف ضمانت ہوئی ہے، مقدمہ ابھی چلے گا اور ٹرائل بھی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی رہائی سے شاہی خاندان میں ہلچل ہو گی، پاکستان کی سیاست میں نہیں۔ عمران خان نے کرپشن کو پکڑنے کیلئے پھندہ لگایا ہوا ہے جس میں اپوزیشن رہنماں کے سرپھنس چکے ہیں اور اب عدالتیں ہی ان کو باہرنکال سکتی ہیں۔

بعد ازاں الحمرا ہال میں ماضی کی ناموراداکارہ نغمہ بیگم کی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے نغمہ بیگم کی فنی صلاحیتوں اور خدمات کو سراہا اور کہا کہ موجودہ حکومت اداکاروں، فنکاروں اور ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے افراد کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ یہ لوگ ہمارے ملک کا سافٹ امیج پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اداکارہ نغمہ بیگم کو شیلڈ بھی پیش کی اور کہا کہ صحافیوں کے ساتھ ساتھ اداکاروں کے لئے بھی حکومت پنجاب رہائشی کالونی اور صحت انصاف کارڈز کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں