شریف خاندان بھی بجلی کے بلوں سے تنگ آ گیا

شریف خاندان نے جاتی امرا کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا، لیسکو کو درخواست دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 25 فروری 2021 14:17

شریف خاندان بھی بجلی کے بلوں سے تنگ آ گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 فروری 2021ء) : بجلی کی قیمتوں میں آئے روز ہونے والے اضافے نے جہاں عام عوام کی چیخیں نکلوادیں وہیں اشرافیہ بھی بجلی کے بلوں سے تنگ آ گئی ہے۔ بجلی کے بلوں سے تنگ شریف خاندان نے جاتی امرا کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شریف فیملی نے سستی بجلی کے حصول کے لیے سولر سسٹم کے لیے لیسکو کو درخواست دے دی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شریف فیملی نے جاتی امراء کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ شریف خاندان کی جانب سے سولر سسٹم سے سستی بجلی بنانے کے لیے لیسکو کو درخواست دی گئی جس پر نیپرا نے پانچ سو کلو واٹ بجلی کی پیداوار کرنے کا لائسنس جاری کر دیا۔ ذرائع کے مطابق لیسکو کی جانب سے سولر سسٹم پر جدید ٹیکنالوجی سے مزین میٹرز کی تنصیب کی جائے گی، میٹرز کی تنصیب پر شریف خاندان اضافی بجلی لیسکو کو فروخت کر سکے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بجلی کی قیمت میں آئے روز ہونے والے اضافے سے عوام میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ آج بھی نیپرا نے جنوری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 92 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا۔ نائب چیئرمین نیپرا سیف اللہ چٹھہ کی زیر صدارت سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے جنوری کے لئے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 92 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی- نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا- نیپرا کا کہنا ہے اعدادو شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد بعد میں فیصلہ کیا جائے گا۔ نیپرا حکام نے بجلی کی قیمت میں 89 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی جس سے صارفین پر 6 ارب 90 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں