خاوند سے لڑائی پر خاتون نے خود کو بیوہ ظاہر کر کے نیا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوا لیا

بیوی نے جھگڑے کے نتیجے میں ہیرا پھیری کر کے مجھے مردہ ظاہر کیا، خاتون کے شوہر نے عدالت سے رجوع کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 25 فروری 2021 14:39

خاوند سے لڑائی پر خاتون نے خود کو بیوہ ظاہر کر کے نیا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوا لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 فروری 2021ء) : خاوند سے جھگڑے کے بعد بیوی نے خود کو بیوہ ظاہر کر کے نیا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوا لیا اور بیرون ملک سفر کرنے کے ساتھ ساتھ عمرہ بھی کر آئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی عدالت میں اپنی نوعیت کا پہلا کیس سامنے آیا جہاں ایک خاتون نے اپنے شوہر سے جھگڑا ہونے پر نہ صرف اسے مردہ قرار دیا بلکہ اپنا نیا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بنوا لیا۔

بیوی کی حرکت کا علم ہونے پر شوہر نے عدالت سے رجوع کر لیا۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاہور کی مقامی عدالت میں اس مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں خاتون کے شوہر اور مدعی عمر مسعود نے عدالت کو بتایا کہ میری بیوی کا مجھ سے جھگڑا ہوا، میری بیوی نے میرے ساتھ جھگڑے کے نتیجے میں ہیرا پھیری کر کے مجھے ہی مردہ ظاہر کیا اور خود بیوہ بن گئی جبکہ نئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ پر بیرون ملک سفر بھی کر لیا اور عمرہ بھی کر آئی ہے۔

(جاری ہے)

درخواستگزارعمر مسعود نے دوران سماعت یہ مؤقف اختیار کیا کہ اہلیہ کے اس اقدام سے میری ساکھ کو نقصان پہنچا ہے جس کے لیے میں نے اپنی بیوی کے خلاف نادرا اور پاسپورٹ کے ریکارڈ میں ردوبدل کا مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ درخواستگزار نے عدالت کو بتایا کہ میری بیوی کا پہلا شوہر 20 برس قبل فوت ہوا تھا جب کہ وہ 2012ء میں میرے کے نکاح میں آئی تھی اور 2014ء میں جب مجھ سے جھگڑا ہوا تو میری بیوی نے خود کو پھر سے پہلے شوہر کی بیوہ ظاہر کر کے نیا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوا لیا ۔

ایف آئی اے نے ریکارڈ میں ردوبدل کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ کو عدالت پیش کیا تو عدالت نے مزید سماعت 26 فروری تک ملتوی کر دی۔ کل ہونے والی سماعت میں ملزمہ کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی جبکہ گواہوں کے بیان بھی ریکارڈ کیے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں