احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرمزید گواہوں کو طلب کرلیا

جمعرات 25 فروری 2021 21:18

احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرمزید گواہوں کو طلب کرلیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2021ء) احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کو طلب کرلیا ۔لاہورکی احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے آشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت کی۔ ریفرنس کے ملزمان احد چیمہ، شاہد شفیق اور دیگر ملزمان کے پلیڈرز عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت شہبازشریف روسٹرم پر آئے تو جج احتساب عدالت نے ان سے استفسار کیا، میاں صاحب کیسے ہیں آپ جس پر شہباز شریف نے جواب دیا اللہ کا شکر ہے۔

روسٹرم پر اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہاحلفاً کہتا ہوں میرے خلاف یہ فراڈ کیس بنایا گیا ہے، پراسیکیوشن نے سپریم کورٹ سے ضمانت کے خلاف درخواست واپس لے لی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ریفرنس کا ایک ایک لفظ جھوٹ اور فراڈ ہے، میں نے اور میری ٹیم نے قوم کا پیسہ بچایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس کمپنی کو ہم نے بلیک لسٹ کیا اسے بی آر ٹی کا ٹھیکہ دے دیا گیا، میٹرو اورنج لائن ٹرین میں عوام کے کڑوروں روپے بچائے۔

انہوںنے کہاکہ میں خطا کار انسان ہوں لیکن میں نے کرپشن نہیں کی، میں نے اورنج لائن ٹرین بنائی اور اچھے کام کی تعریف ہونی چاہیے، خود نمائی نہیں کر رہا لیکن میں نے بہت محنت اور خدمت کی۔نیب کے گواہ محمد ذیشان کے بیان پر جرح مکمل کی گئی جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 9مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے مزید گواہوں کو طلب کرلیا۔ دوران سماعت کمرہ عدالت میں سیاسی رہنمائوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق، خواجہ احمد حسان سمیت دیگر نے شہباز شریف کو حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی کی مبارکباد دی جبکہ شہباز شریف نے نواز شریف، سلمان شہباز سمیت دیگر فیملی ممبران سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حمزہ شہباز کی رہائی سے متعلق گفتگو بھی کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں