کوئی جمہوریت پسند پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ نہیں دیگا:بلاول بھٹو/مریم نواز

پاکستان تحریک انصاف عوام کی مجرم جماعت ہے ،حکومت کی حمایت ختم ہوتی نظر آرہی ہے، یوسف گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں،آج کا نظام سلیکٹڈ نظام ہے جو زبردستی عوام پر مسلط کیا گیا ہی: مشترکہ میڈیا سے گفتگو

جمعرات 25 فروری 2021 21:27

کوئی جمہوریت پسند پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ نہیں دیگا:بلاول بھٹو/مریم نواز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2021ء) پاکستان تحریک انصاف عوام کی مجرم جماعت ہے اور عمران نیازی عوام کا مجرم ہے لائن کے ایک طرف جمہوریت پسند لوگ کھڑے ہیں اور لائن کے دوسری طرف عوام کے مجرم کھڑے ہیں۔ سینیٹ الیکشن میں عوام دوست اور عوام دشمنوں کے درمیان مقابلہ ہے اسٹیبلشمنٹ کھیل کا حصہ نہیں بنتی تو یہ خبر نہیں ہے خبر اس وقت بنتی ہے جب اسٹیبلشمنٹ کھیل کا حصہ بنے ، تین مارچ کو عوام پر سب واضح ہو جائے کا کہ کون کس کے ساتھ کھڑا ہے سینیٹ میں کامیابی جمہوریت پسند عوام کی ہوگی اور کوئی جمہوریت پسند رکن قومی یا صوبائی اسمبلی خواہ اس کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ نہیں دیگا۔

ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز جاتی امراء میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے باہمی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سینیٹ انتخابات میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دونوں پارٹیوں کے رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ نواز شریف اور شہباز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے سینیٹ الیکشن میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوسف گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں اور وہ اسلام آباد کی سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سب کی نظریں 3 مارچ پر لگی ہوئی ہیں۔

پی ڈی ایم نے مل کر یوسف رضا گیلانی کو کامیاب کرانے کے لئے محنت کرنا ہوگی۔ ہم نے سینیٹ الیکشن سے قبل ثابت کردیا ہے کہ پاکستان کے عوام پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ماضی میں بطور وزیراعظم پاکستان بہترین خدمات انجام دیں۔ جنہیں پاکستان کے جمہوریت پسند لوگ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والی حالیہ ضمنی انتخابات میں عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں اور یوسف رضا گیلانی کی کامیابی سے ثابت ہوگا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ بھی پی ڈی ایم کے ساتھ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری انداز میں اپوزیشن کی ہے اور کسی غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام پر احتجاج جمہوریت کا ہتھیار ہے۔ اور احتجاج کرنا ہمارا جمہوریت حق ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بننے والی جائز حکومتوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے۔ آج کا نظام سلیکٹڈ نظام ہے جو زبردستی عوام پر مسلط کیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی کا غیر مقدم کرتے ہوئے انہیں اور پنجاب کے عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سابقہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور موجودہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اب بھی جیل میں ہیں۔ جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور دونوں اپوزیشن لیڈروں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حکمران عوام کی مشکلات کا باعث بنے ہوئے ہیں۔

تین سال کے دوران حکمرانوں نے عوام کی زندگی تنگ کردی ہے۔ عوام پر آئے روز مہنگائی کی صورت میں قیامت ٹوٹتی رہتی ہے۔ تحریک انصاف عوام کی مجرم جماعت ہے جس پر حکومت کی حمایت ختم ہوتی نظر آرہی ہے۔ آج ہر صوبے میں تحریک انصاف میں بغاوت ہو رہی ہے۔ پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن جیت چکی ہے اور اب سب کی نظریں سینیٹ مارچ پر ہے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کو سینیٹ الیکشن میں چیلنج کرے گی کیونکہ پاکستان میں جمہوریت کو بحال کرنا بہت ضروری ہے۔

پی ڈی ایم جماعتیں مل کر موجودہ کٹ پتلی حکومت کو گھر بھیجیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تمام فیصلے مل کر کرتی ہے اور آج تک جو بھی فیصلے ہوئے ہیں پی ڈی ایم کے مشترکہ فیصلے ہیں اور آئندہ بھی پی ڈی ایم کی جماعتیں مل کر فیصلہ کریں گی۔ اس حکومت کو ہٹانا تمام جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین ’’آئین پاکستان‘‘ ہے اور اس میں اگر کوئی ترمیم لانی ہے تو یہ کام پارلیمنٹ کا ہے ملک کی اعلیٰ عدلیہ بھی اس حوالے سے واضح کر چکی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم موجودہ جعلی حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے۔ ہم ہر رکن سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ جو تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ کے الیکشن میں نظر آئے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں