پی ایس ایل ، بقیہ راوئنڈ میچوں میں 50 فیصد تماشائیوں کو نیشنل اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت مل گئی

آج رات سے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوجائے گی ، پاکستان سوپر لیگ کے لاہور میں ہونے والے راونڈ میچز سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 فروری 2021 18:42

پی ایس ایل ، بقیہ راوئنڈ میچوں میں 50 فیصد تماشائیوں کو نیشنل اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت مل گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 فروری2021ء) پاکستان سوپر لیگ کے بقیہ راوئنڈ میچوں میں 50 فیصد تماشائیوں کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ دیکھنے کی اجازت مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں کراچی کے آئندہ راؤنڈ میچوں میں 50 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی ، اس سلسلے میں آج رات سے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوجائے گی جس کے بعد کراچی میں ہونے والے آئندہ میچوں میں 50 فیصد شائقین کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی تاہم پاکستان سوپر لیگ کے لاہور میں ہونے والے راونڈ میچز سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان سپرلیگ 6 میں تماشائیوں کو میچ دیکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ، ابتدائی طور پر فیصلہ کیا گیا کہ لیگ میچز کے لیے 25 فیصد سٹیڈیم بھرا جائے گا جب کہ سیمی فائنل اور فائنل کیلئے 50 فیصد تماشائیوں کو اجازت دینے پرغور جاری تھا ، وفاقی حکومت کی جانب سے اجازت ملنے اور ای سی او سی کے حتمی فیصلے کے بعد پی ایس ایل 2021ء میں شائقین کو اپنے پسندیدہ کرکٹرز سٹیڈیم میں بیٹھ کر ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملا ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے لیے کووڈ 19 ایس او پیز تیار کیے ، پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا ایس او پیز وزارت صحت اور نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کو بھجوا دیئےتھے ، این سی او سی اور وزارت صحت کی منظوری کے بعد کرکٹ بورڈ نے ان ایس او پیز کا باقاعدہ اعلان کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ایس او پیز پی ایس ایل کے دوران سٹیڈیم آنے والے شائقین کے لیے تیار کیے گئے اور این سی او سی اور وزارت صحت کی منظوری ملتے ہی ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ، ٹکٹوں کی قیمت اور دیگر معاملات کا اعلان بھی کردیا گیا ، جس کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کی 40 ہزار ٹکٹیں صرف ایک ہی دن میں فروخت ہوگئیں ، کیوں کہ پی ایس ایل میلے کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہی بیشتر ٹکٹیں فروخت ہو گئیں۔

قذافی سٹیڈیم، لاہور میں شیڈول میچز کی وی آئی پی، فرسٹ کلاس اور پریمیئم ٹکٹیں فروخت ہو گئیں جب کہ جنرل انکلوژر میں شامل 5 سو، ایک ہزار اور 2 ہزار والی صرف چند ٹکٹیں ہی باقی رہ گئی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں