پنجاب اسمبلی اجلاس ،سپیکر چودھری پرویزالٰہی ریسکیو 1122 ترمیمی بل اسمبلی میں پیش نہ کیے جانے پر وزیر قانون پر برہ

جمعرات 25 فروری 2021 23:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2021ء) پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس کے دوران ریسکیو 1122 کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چھ ماہ پہلے سے 1122کے سروس سٹرکچر کے حوالے سے کمیٹی میں کام ہو رہا تھا اور یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ بل آج کے ایجنڈے پر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے اندر کئے جانے والے وعدہ پر عمل کروانا بطور کسٹوڈین آف ہاؤس میرے فرائض میں شامل ہے، اس بارے میں غفلت نہیں برتی جا سکتی۔

سپیکر نے کہا کہ اگر ہم اس ہاؤس کی عزت میں اضافہ نہیں کریں گے تو آخر کار نقصان سب کاہو گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ریسکیو 1122 مفاد عامہ کا ایسا ادارہ ہے جس نے اپنی کارکردگی کو پاکستان اور پنجاب میں ثابت کیا ہے جس کی بہترین کارکردگی کی اقوام متحدہ نے بھی تعریف کی ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ملک میں آج تک کتنے اداروں نے اپنے آپ کو ثابت کیا ہی ہم اپنے فرائض کو سمجھتے ہیں، انسانیت کی خدمت کرنے والے ادارے اور اس کے اہلکاروں کے خلاف نہیں جا سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیوروکریسی کے پیچھے چھپے ہوئے لوگوں کا بھی علم ہے لیکن میں لحاظ کر رہا ہوں، نا سمجھ لوگوں کو معلوم نہیں کہ اگر وہ پردہ لحاظ ختم ہو گیا تو پارلیمنٹ کی لڑائی کہاں تک جائے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تمام پارٹیوں کے ارکان کی اس سلسلے میں کی گئی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر کا مسئلہ آیا تھا تو تمام ہاؤس اکٹھا ہو گیا تھا اور آئی جی کو کال کیا گیا تھا، یہ اس لئے ہوا تھا کہ اسمبلی کا فورم، اس کے ارکان کی اہمیت اور اسمبلی کا تقدس سب کو عزیز تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہائوس کے تقدس کو پامال نہیں کرنا، 1122کے ادارے کی بہتری اور بھلائی کیلئے اجلاس یکم مارچ 2021ء دوپہر دو بجے تک ملتوی کر رہا ہوں، جب تک یہ بل ہائوس میں پیش نہیں کیا جائے گا اجلاس کی کارروائی آگے نہیں چلے گی

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں