وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے مقامی ہوٹل میں پنجاب سے سینیٹ کے بلامقابلہ منتخب امیدوار اعجاز چودھری اور اراکین اسمبلی کی ملاقات

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے بلامقابلہ نومنتخب سینیٹرز کو مبارکباد کامیاب حکمت عملی سے سینیٹرز کو بلامقابلہ منتخب کرایا، شفافیت کی جیت ، بولیاں لگانے والوں کو مایوسی ہوئی‘عثمان بزدار

جمعرات 25 فروری 2021 23:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2021ء) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے مقامی ہوٹل میں سینیٹ کے بلامقابلہ منتخب ہونے والے پی ٹی آئی کے امیدوار اعجاز احمد چودھری اور اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے بلامقابلہ نومنتخب سینیٹرز کو مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے حکومتی اتحاد کے نومنتخب سینیٹرز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کامیاب حکمت عملی کے ذریعے سینیٹرز کو بلامقابلہ منتخب کرایا اور منڈیاں لگانے والوں کی سیاست کو ناکام بنایا ہے۔ پنجاب میں شفافیت کی جیت ہوئی اور بولیاں لگانے والوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جمہوری روایات کا عًلم بلند ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے امیدوار بلامقابلہ منتخب ہونا خوش آئند ہے۔ اپوزیشن کی قسمت میں صرف رونا لکھا ہے اور وہ 2023 تک روتے ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمودالرشید، ہاشم ڈوگر، اعجاز عالم، محمد اخلاق، ڈاکٹر اختر ملک، راجہ یاسر ہمایوں، سابق وزیر اسد کھوکھر، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، عون چوہدری اور اراکین پنجاب اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں