کام سے بچنے کے لیے اپنے اغوا کا ڈراما رچانے والا گرفتار

نوجوان نے بتایا کہ دو نقاب پوشوں نے اسے اغوا کرلیا ہے جو اس کے ہاتھ پیر باندھ کر کسی ویران جگہ پر پھینک کر چلے گئے ہیں

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 28 فروری 2021 04:50

کام سے بچنے کے لیے اپنے اغوا کا ڈراما رچانے والا گرفتار
ایریزونا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 فروری2021ء) انسان کی طبیعت میں سہل پسندی بہت ہے کہ وہ ہر وقت یہی خیال کرتا ہے کہ اسے کچھ بھی نہ کرنا پڑے اور ساری سہولتیں بھی میسر آ جائیں۔یعنی تنخواہ اچھی چاہیے، رہنا سہنا بھی اپ ٹو ڈیٹ ہو مگر کام کرتے اسے موت پڑتی ہے۔کچھ ایسا ہی خواب و خیال اس نوجوان کا بھی تھا جس نے کام سے بچنے کے لیے خود کو اغوا کرا لیا۔

امریکی ریاست ایریزونا میں ایک نوجوان نے کام پر جانے سے بچنے کے لیے اپنے ہی اغوا کا ڈراما رچایا لیکن جلد ہی اس کا بھانڈا پھوٹ گیا اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔خبروں کے مطابق ایریزونا کے شہر کولج میں 10 فروری کے روز مقامی پولیس کو برینڈن سولز نامی ایک 19 سالہ نوجوان کی ایمرجنسی کال موصول ہوئی۔نوجوان نے بتایا کہ دو نقاب پوشوں نے اسے اغوا کرلیا ہے جو اس کے ہاتھ پیر باندھ کر کسی ویران جگہ پر پھینک کر چلے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس ٹیم اس کے موبائل کی لوکیشن ٹریک کرتی ہوئی جائے وقوعہ پر پہنچی تو دیکھا کہ اس نوجوان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں لیکن آس پاس کوئی موجود نہیں۔جب اس نوجوان کو ”آزاد“ کروایا گیا تو اس نے بتایا کہ دو نقاب پوش اغوا کاروں نے اس کے سر پر ضرب لگائی، کمر پر اس کے ہاتھ باندھے اور اسے وہیں پھینک کر چلے گئے۔اغوا کی وجہ بیان کرتے ہوئے برینڈن سولز نے پولیس کو بتایا کہ نامعلوم اغوا کار اُس خطیر رقم کی تلاش میں تھے جو اس کی اور اس کے والد کی مشترکہ ملکیت تھی۔

یہ رقم اس کے والد نے کولج شہر ہی میں کسی جگہ چھپائی ہوئی تھی۔تاہم تفتیش مزید آگے بڑھانے پر پولیس کو جلد ہی معلوم ہوگیا کہ وہ نوجوان نہ صرف جھوٹ بول رہا تھا بلکہ اس نے اپنے اغوا کا بھی ڈراما رچایا تھا۔اس ”خطیر رقم“ کا کوئی وجود نہیں تھا جس کے بارے میں اس نے پولیس کو بتایا تھا اور نہ ہی کوئی نقاب پوش اغوا کار تھے۔پولیس نے جب نوجوان پر سختی کی تو اس نے بتایا کہ وہ ایک ٹائر کمپنی میں ملازمت کرتا ہے اور اُس روز وہ کام پر جانا نہیں چاہتا تھا۔

اسی لیے اس نے یہ سارا ڈراما رچایا۔حقائق سامنے آنے کے بعد کولج پولیس نے اغوا کی جھوٹی رپورٹ لکھوانے پر برینڈن کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ کمپنی نے بھی اسے ملازمت سے نکال دیا۔اب مقامی عدالت میں اس کے خلاف پولیس کی جانب سے مقدمہ بھی دائر کردیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں