ترسیلی لائنوں اور پاور ہائوس کی سالانہ مرمت کامیابی کے ساتھ مکمل ، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع

اتوار 28 فروری 2021 19:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2021ء) ترسیلی لائنوں اور پاور ہائوس کی سالانہ مرمت کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے پر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ سے گزشتہ رات بجلی کی پیدا وار دوبارہ شروع ہو گی اور پلانٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ نیشنل پاور کنٹرول سنٹر (این پی سی سی) نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کو 525 کلو وولٹ روات - نوکر ترسیلی لائن کی مرمت کے لئے نیلم جہلم ہائیڈروپاور پلانٹ کی 18 فروری سے بندش کی اجازت دی تھی ۔

این پی سی سی کی جانب سے پلانٹ کی بندش کی اجازت پانی کے کم بہاؤ سیزن کے دوران دی گئی تھی تاکہ بجلی کی پیداوار کا کم سے کم نقصان ہو۔ این ٹی ڈی سی کی ترسیلی لائنوں کی مرمت کے دوران ہی نیلم جہلم ہائیڈروپاور کمپنی کی جانب سے پاور ہاؤس میں بجلی کے پیداواری یونٹس کی مرمت بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

اسی دوران ڈیم سائیٹ پر واٹر ریگولیشن سے متعلق الیکٹریکل اور مکینیکل آلات کی سالانہ مرمت کا کام بھی سرانجام دیا گیا۔

این ٹی ڈی سی نے ترسیلی لائنوں جبکہ واپڈا نے پاور ہائوس کی سالانہ مرمت کا کام مقررہ مدت میں مکمل کر لیا، جس کے بعد نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ کو گزشتہ رات آپریشنل کر دیا گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ سے اپریل2018 ء میں بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوا تھا اوریہ اب تک نیشنل گرڈ کو ساڑھے گیارہ ارب یونٹ پن بجلی مہیا کر چکا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں