لاہور ہائیکورٹ کا تجاوزات بارے کمشنر کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار ، نئی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

شالیمار ٹائون میں تجاوزات ختم نہ کرنے پر کمشنر لاہور ڈویژن کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پرسماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی

جمعرات 4 مارچ 2021 12:35

لاہور ہائیکورٹ کا تجاوزات بارے کمشنر کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار ، نئی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) لاہور ہائیکورٹ نے شالیمار ٹائون میں تجاوزات ختم نہ کرنے پر کمشنر لاہور ڈویژن کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پرسماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کر دی ۔ لاہور ہائیکوٹ کے جسٹس شاہد وحید نے عمیر سعید کی درخواست پر سماعت کی ۔فاضل عدالت نے استفسار کیا کیا کمشنر آئے ہیں۔ جس پر ذوالفقار گھمن نے جواب دیا جی میںحاضر ہوں۔

(جاری ہے)

جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ عدالتی حکم کے باجود آپ نہ کسی کو سنتے ہیں نہ کسی کی داد رسی کرتے ہیں۔ کمشنر نے جواب دیا میں نے متعلقہ افسران کی انکوائری لگا دی ہے، عدالتی حکم عدولی کا سوچ بھی نہیں سکتے، عدالتی حکم پر من وعن عمل کریں گے ۔ فاضل عدالت نے کہا کہ آپ کی رپورٹ سے مطمئن نہیں ،تجاوزات کے خاتمے کیلئے نئی رپورٹ پیش کی جائے ۔ کمشنر نے بتایا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے مستقل کیمپ بھی لگا دیا ہے ۔ فاضل عدالت نے کمشنر لاہور کی رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے درخواست گزار کو سننے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں