وزیر اعظم عمران خان کا اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد اپوزیشن کی پیسے کی سیاست کو بے نقاب کرنا ہے‘ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

سینیٹ الیکشن میں واضح برتری حاصل کر کے پی ٹی آئی نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ‘دوست محمد مزاری

جمعہ 5 مارچ 2021 14:47

وزیر اعظم عمران خان کا اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد اپوزیشن کی پیسے کی سیاست کو بے نقاب کرنا ہے‘ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2021ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے کہاہے کہ سینیٹ الیکشن میں واضح برتری حاصل کر کے پاکستان تحریکِ انصاف نے ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور تحریکِ انصاف وہ واحد جماعت ہے جس نے چاروں صوبوں سے سینیٹ کے لیے نمائندگی حاصل کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کا اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد اپوزیشن کی پیسے کی سیاست کو بے نقاب کرنا ہے۔

عمران خان کے لیے عہدہ اہم نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی ہی وزیراعظم کا مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت جمہوری اقدار کی ہار ہے۔سینیٹ الیکشن میں نوٹوں کی چمک جیت گئی اور جمہوریت ہار گئی۔ضمیروں کی بولیاں لگانے والے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے تمام تر احکامات کے باوجود خریدو فروخت کے د ھندے سے باز نہ آئے۔

(جاری ہے)

ووٹ خریدنے کی ویڈیو اور پھر اعترافِ جرم سب کے سامنے ہے۔

حکومت کے پاس اب بھی سادہ اکثریت سے زیادہ ووٹ ہیں۔عمران خان ہی عوام کی آخری امید ہیں۔ ہر آنے والا دن عمران خان کے موقف کو درست ثابت کر رہا ہے۔سینیٹ جیسے مقدس ایوان میں ووٹ کی بولیاں لگانے والے جلد بے نقاب ہوں گے۔پی ڈی ایم نے سینیٹ کی ایک سیٹ کے لیے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے۔آخر میں انہوں نے کہا ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے الیکشن اصلاحات ناگزیر ہیں تاکہ ووٹوں کے لیے نوٹوں کی منڈیاں ہمیشہ کے لیے بند کی جا سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں