گلے پر ڈور پھرنے سے پروفیسر کی ہلاکت کے بعد پتنگ بازوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاوَن

لاہور پولیس کا خفیہ اطلاع پر ہربنس پورہ میں پتنگیں بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ ، 2 ملزمان گرفتار کرلیا ، فیکٹری سے 12628 تیار پتنگیں اور 171 کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد ، 23 ہزار پتنگیں بنانے کا خام مال ، چرخی مشین و دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 مارچ 2021 11:51

گلے پر ڈور پھرنے سے پروفیسر کی ہلاکت کے بعد پتنگ بازوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک  ڈاوَن
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مارچ 2021ء) گلے پر ڈور پھرنے سے پروفیسر کی ہلاکت کے بعد پتنگ بازوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاوَن شروع کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہربنس پورہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر پتنگیں بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، فیکٹری سے 12628 تیار پتنگیں اور 171 کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد کرلی گئیں ، فیکٹری سے 23 ہزار پتنگیں بنانے کا خام مال، چرخی مشین و دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے بتایا کہ ملزمان نے لاہور کے دیگر علاقوں میں پتنگیں سپلائی کرنے کا اعتراف کیا ہے ، ملزمان نے دوران کارروائی پولیس پارٹی کے ساتھ مزاحمت کی کوشش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں ، پتنگ بازی کی آڑ میں شہریوں کی زندگی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ صوبائی دارالحکومت می قاتل ڈور نے نوجوان پروفیسر کی جان لے لی تھی ، چونیاں کے نواحی شہر کنگن پور کا رہائشی گورنمنٹ دیال سنگھ کالج میں تعینات پروفیسر محمد آفتاب لاہور مسلم ٹائون موڑ پُل سے گزر رہا تھا کہ ڈور پھرنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جب کہ لاش گھر پہنچتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا ، نمازجنازہ کے بعد پروفیسرمحمدآفتاب کومقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے لیکچرار کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے سخت کارروائی کا حکم دیا ، جس کے نتیجے میں پتنگ بازوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاوَن شروع کردیا گیا ، ہربنس پورہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر پتنگیں بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، فیکٹری سے 12628 تیار پتنگیں اور 171 کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد کرلی گئیں ، فیکٹری سے 23 ہزار پتنگیں بنانے کا خام مال، چرخی مشین و دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں