تحریک عدم اعتماد کا خدشہ ، کارکردگی دکھانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب متحرک ہوگئے

محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا ، جو نتائج نہیں دے گا وہ پنجاب میں نہیں رہے گا ، عوامی مسائل حل نہ کرنے اور منصوبوں میں تاخیر پر متعلقہ حکام کی سرزنش کردی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 مارچ 2021 12:23

تحریک عدم اعتماد کا خدشہ ، کارکردگی دکھانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب متحرک ہوگئے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 07 مارچ 2021ء) اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے خدشہ کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی کارکردگی دکھانے کے لیے متحرک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوامی مسائل حل نہ کرنے اور منصوبوں میں تاخیر پر متعلقہ حکام کی سرزنش کردی جب کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی پر شدید برہم ہو گئے ، وزیر اعلیٰ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات سیکرٹریز کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہدایات جاری کی ہیں کہ متعلقہ سیکرٹریز عوامی مسائل فوری حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں کیوں کہ محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا اس ضمن میں سست روی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی ، کوتاہی پر ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے گی اور عوام کی توقعات پر نہ اترنے والے افسر کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ، جو نتائج نہیں دے گا وہ پنجاب میں نہیں رہے گا ، دیانتدار اور فرض شناس افسران کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی اور فلاح عامہ کے منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی لانے کی تیاری شروع کردی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے ظہرانے کی دعوت پر بلا لیا، بلاول بھٹو اور حمزہ شہباز ماڈل ٹاوَن میں مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے ، ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کل اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز سے ملاقات کریں گے۔

حمزہ شہباز کی جانب سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو ظہرانہ دیا جائے گا ، حمزہ شہباز کی خصوصی دعوت پر بلاول بھٹو ماڈل ٹاؤن جائیں گے ، اس موقع پر دونوں رہنماؤں درمیان ملاقات میں حکومت مخالف تحریک اور پنجاب میں ان ہاوَس تبدیلی لانے پرگفتگو ہوگی ، بلاول بھٹو زرداری اور حمزہ شہباز ماڈل ٹاوَن میں مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں