ریسکیو سروس کی عوامی بروقت خدمت اپنی مثال آپ ہے، ادارے کیلئے ڈاکٹر رضوان نصیر کی خدمات بے مثال ہیں‘پرویزالٰہی

الحمدللہ ہم نے پنجاب اسمبلی میں قانون بنا کر صحیح تقاضوں اور نئی جدت، ولولے کے ساتھ ازسر نو وہاں سے کا م شروع کیا ہے جہاں سے چھوڑ کر گئے تھے‘ڈاکٹر رضوان نصیر سے گفتگو

جمعہ 16 اپریل 2021 21:59

ریسکیو سروس کی عوامی بروقت خدمت اپنی مثال آپ ہے، ادارے کیلئے ڈاکٹر رضوان نصیر کی خدمات بے مثال ہیں‘پرویزالٰہی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر ادارے کی کارکردگی کو مزید فعال بنانے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کر کے قیمتی جانیں بچانے کا سہرا ریسکیو 1122 کے سر ہے، جب اپنے بھی ساتھ چھوڑ جاتے ہیں تب بھی ریسکیو 1122ساتھ نبھاتی ہے، ریسکیو سروس کی بروقت عوامی خدمت اپنی مثال آپ ہے، ادارے کیلئے ڈاکٹر رضوان نصیر کی خدمات بے مثال ہیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سابقہ حکومت نے ریسکیو 1122 کا سروس سٹرکچر نہ بنا کر نہ صرف ریسکیو کے نوجوانوں کے ساتھ ظلم کیا بلکہ اس بہترین ادارے کی افادیت کو کمزور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اب الحمدللہ ہم نے پنجاب اسمبلی میں قانون بنا کر صحیح تقاضوں کا جائزہ لینے کے بعد نئی جدت اور ولولے کے ساتھ ازسر نو وہاں سے کا م شروع کیا ہے جہاں سے ہم چھوڑ کر گئے تھے، کورونا کی پہلی، دوسری اور تیسری لہر کے دوران ہزاروں کورونا مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی، ریسکیو کے نوجوانوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر انہیں بروقت ہسپتالوں تک پہنچایا۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میری طرف سے ریسکیو کے نوجوانوں کیلئے یہ پیغام ہے کہ انہوںنے لوگوں کی قیمتی جانیں بچانے کا جو کام کیا ہے اس کا اجر صرف اللہ تعالیٰ ہی دے سکتا ہے۔ اس موقع پر ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کا ادارے کی مضبوطی کیلئے کیے گئے اقدامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں متاثرہ مریضوں کا آپ کیلئے پیغام ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کے ذریعے ریسکیو 1122 بنا کر لوگوں کی قیمتی جانیں بچانے کا جو کام لیا ہے اس کا اجر اللہ ہی دے گا عوام آپ کیلئے دعا گو ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں