آئی جی پنجاب انعام غنی کی شہید کانسٹیبل علی عمران کے اہل خانہ سے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ملاقات

ٓآئی جی پنجاب نے علی عمران شہید کے والد محمد رفیق کومحکمہ پولیس کی جانب سے امدادی چیک دیا کانسٹیبل علی عمران شہید پنجاب پولیس کا ہیرو ہے جس کی بے مثال قربانی پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہی: آئی جی پنجاب

جمعہ 16 اپریل 2021 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ اور رٹ آف اسٹیٹ کو برقرار رکھنا پنجاب پولیس کا نصب العین ہے جس کیلئے افسران و اہلکاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے کبھی دریغ نہیں کیا اور مستقبل میں بھی اسی جذبہ خدمت اور فرض شناسی کے ساتھ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کا یہ سفر جاری رہے گا ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ کانسٹیبل علی عمران شہید جیسے بہادر فرزند پنجاب پولیس کا فخر ہیں جن کی بے مثال قربانی سے نہ صرف پولیس فورس کی اپنی ڈیوٹی سے لگن ، عز م و ہمت اور فرض شناسی کی عکاس ہے بلکہ اس سے محکمہ پولیس کی عزت اور وقار میںبھی اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ کانسٹیبل علی عمران شہید سمیت دیگر تمام شہدائے پولیس کی فیملیز پنجاب پولیس کا اہم حصہ ہیں جن کی بہترین ویلفیئر کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر انکی ویلفیئر کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں کانسٹیبل علی عمران شہید کے والدین ، اہلیہ اور بچوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا۔ کانسٹیبل علی عمران نے کالعدم تنظیم کے مظاہروں میں پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا۔آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل علی عمران شہید کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اور اسکے والد محمد رفیق کومحکمہ پولیس کی جانب سے امدادی چیک بھی پیش کیا ۔

آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل علی عمران شہید کی قربانی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پولیس خوشی و غمی کے ہر موقع پر علی عمران شہیدکے ساتھ موجود رہے گا اور شہید کے بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس موقع پرسی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر اور ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب،سہیل اختر سکھیرا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں