نون لیگ سیاسی انتہا پسندی اختیار کرنے کی بجائے جاتی امرا کی ملکیت ثابت کرے‘ فردوس عاشق

جمعہ 16 اپریل 2021 23:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2021ء) معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت انتہاپسندی پر مبنی دھرنوں سے عوام کو ملنے والی اذیت کا سدباب کررہی ہے۔سیاسی انتہاپسند ن لیگ کی جانب سے کارکنان کو جاتی امراء آنے کی کال دی جارہی ہے۔ عطاء تارڑ سستی شہرت کے کیلئے پھر سے ڈرامہ رچانے کی کوشش میں ہیں۔

عدالتی حکم کیخلاف حکومت کوئی قدم نہیں اٹھائے گی، جاتی امراء شریف خاندان کی ملکیت ہے تو سٹے آرڈر کے پیچھے چھپنے کی بجائے ملکیت ثابت کریں۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 35سال کسی نے ان سے ناجائز جائیدادوں کے بارے نہ پوچھا کیونکہ 30سال تک کرپٹ شاہی ٹبر برسر اقتدار رہا لیکن اب نہ صرف ناجائز جائیدادوں بارے میں پوچھا جائے گا بلکہ پائی پائی کا حساب لیاجائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بزدارحکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے اور سہولت بازاروں کی شکل میں عوام کو سستی اشیاء خوردونوش فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ خود ساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف انتظامی سطح پر کارروائیاں جاری ہیں۔ گذشتہ 6ماہ کے دوران ذخیرہ اندوزوں کیخلاف 183 کارروائیاں کی گئیں۔ 44 گودام سیل، 17 ایف آئی آرز کا اندراج اور 2,076,500 روپے جرمانہ کیا گیا۔

ذخیرہ اندوزوں سے 47 ہزار 627 چینی کے تھیلے، 3ہزار 69چاول کے تھیلے، 40ہزار 920کلو گرام گھی، 1لاکھ 35ہزار 321لیٹر کوکنگ آئل برآمد کیا گیا، ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ترجیحات کا محور و مرکز عام آدمی ہے۔ بزدارحکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہی ہے۔ عوامی وسائل اور حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں