ریاست کالعدم مسلح گروہ کے سامنے بلیک میل نہیں ہوئی،فواد چودھری

لاہور آپریشن پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے اغواء کے بعد کیا گیا، حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، وفاقی وزیراطلاعات کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 18 اپریل 2021 20:01

ریاست کالعدم مسلح گروہ کے سامنے بلیک میل نہیں ہوئی،فواد چودھری
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ریاست کالعدم مسلح گروہ کے سامنے بلیک میل نہیں ہوئی، لاہور آپریشن پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے اغواء کے بعد کیا گیا، حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان عاشق رسول ﷺ ہیں، انہوں نے ہرفورم پر ناموس رسالت ﷺ کی بات کی۔

حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہوگی۔ لاہور میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو اغواء کیا گیا جس پر آپریشن ہوا۔ریاست کالعدم مسلح گروہ کے سامنے بلیک میل نہیں ہوئی۔ لاہورکے علاقے یتیم خانہ چوک میں کشیدہ صورتحال سے متعلق پنجاب پولیس کا موقف سامنے آگیا ہے، ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ صبح صبح ایک شر پسند گروہ نے تھانہ نواں کوٹ پر حملہ کر دیا جہاں رینجرز اور پولیس کو پھنسا کر انہوں نے ایک ڈی ایس پی کو اغوا کر لیا اور انہیں کالعدم تنظیم کے مرکز لے جایا گیا ، اس کے علاوہ شدت پسندوں نے تقریباً 50 ہزار لٹر پٹرول سے بھرا ایک آئل ٹینکر بھی اپنے مرکز پہنچایا جہاں سے شر پسندوں نے رینجرز اور پولیس پر پٹرول بم پھینکے۔

(جاری ہے)

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا کہ پنجاب پولیس نے شر پسندوں کو پیچھے دھکیلنے اور پولیس اسٹیشن کا قبضہ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ایکشن لیا یہ سب کچھ سیلف ڈیفنس میں کیا گیا بصورت دیگر آج مدرسہ یا مسجد کے خلاف کسی بھی قسم کے آپریشن کا کوئی منصوبہ نہیں تھا ، جو کچھ بھی کیا گیا یہ اپنے دفاع اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا۔

اسی طرح سینئر صحافی اور تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ لاہور کے یتیم خانہ چوک پر جو کچھ ہو رہا ہے اس پر آنکھیں بند نہیں کی جاسکتیں۔ طاقت کے اندھے استعمال سے کوئی مسئلہ حل ہوا ہے نہ ہوگا۔ تحریک لبیک کے ذمہ داروں سے بات چیت کر کے آگے بڑھا جائے۔ علمائے کرام کا تعاون حاصل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحیم ڈاکٹر سرفراز اعوان مولانا عبدالخبیر آزاد اور مولانا راغب نعیمی سے حکومت مشاورت کرے۔ مولانا طاہر اشرفی بھی تشدد اور خونریزی کو رکوانے کے لئے متحرک ہوں۔ وقت ضائع نہ کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں