سربراہ ٹی ایل پی کی مسجد رحمت اللعالمین کے باہر فی الفور دھرنا ختم کرنے کی ہدایت

20 اپریل کی احتجاجی کال کو واپس لیا جائے اور کارکنان پرامن گھروں کو لوٹ جائیں، شوریٰ ممبران اپنے آپ کو قانون کے حوالے کردیں۔ سعد رضوی کا شوریٰ ارکان کے نام پیغام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 18 اپریل 2021 22:21

سربراہ ٹی ایل پی کی مسجد رحمت اللعالمین کے باہر فی الفور دھرنا ختم کرنے کی ہدایت
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2021ء) کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد رضوی نے شوریٰ ارکان کو ہدایت کی ہے کہ مسجد رحمت اللعالمین ﷺ کے باہر دھرنا فی الفور ختم کردیا جائے، 20 اپریل کی احتجاجی کال کو واپس لیا جائے اور کارکنان گھروں کو لوٹ جائیں، شوریٰ ممبران اپنے آپ کو قانون کے حوالے کردیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق سعد رضوی نے شوریٰ ارکان کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ مسجد رحمت اللعالمین ﷺ کے باہر دھرنا فی الفور ختم کردیا جائے۔

کارکنان پرامن طور پر گھروں کو واپس لوٹ جائیں۔ 20 اپریل کی احتجاجی کال کو بھی واپس لیا جائے، ظہیرالحسن شاہ میری ہدایات پر فوری عمل کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ شوریٰ ممبران کی ضد کی وجہ سے سیکڑوں کارکن اورعوام 6 دنوں سے خوار ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شوریٰ ممبران اپنے آپ کو قانون کے حوالے کریں۔ لاہورکے علاقے یتیم خانہ چوک میں کشیدہ صورتحال سے متعلق ترجمان پنجاب پولیس نے کا کہنا ہے کہ صبح صبح ایک شر پسند گروہ نے تھانہ نواں کوٹ پر حملہ کر دیا جہاں رینجرز اور پولیس کو پھنسا کر انہوں نے ایک ڈی ایس پی کو اغوا کر لیا اور انہیں کالعدم تنظیم کے مرکز لے جایا گیا، اس کے علاوہ شدت پسندوں نے تقریباً 50 ہزار لٹر پٹرول سے بھرا ایک آئل ٹینکر بھی اپنے مرکز پہنچایا جہاں سے شرپسندوں نے رینجرز اور پولیس پر پٹرول بم پھینکے۔

پنجاب پولیس نے شر پسندوں کو پیچھے دھکیلنے اور پولیس اسٹیشن کا قبضہ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ایکشن لیا یہ سب کچھ سیلف ڈیفنس میں کیا گیا بصورت دیگر آج مدرسہ یا مسجد کے خلاف کسی بھی قسم کے آپریشن کا کوئی منصوبہ نہیں تھا ، جو کچھ بھی کیا گیا یہ اپنے دفاع اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا۔ اسی طرح وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان عاشق رسول ﷺ ہیں، انہوں نے ہرفورم پر ناموس رسالت ﷺ کی بات کی۔ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہوگی۔ لاہور میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو اغواء کیا گیا جس پر آپریشن ہوا۔ریاست کالعدم مسلح گروہ کے سامنے بلیک میل نہیں ہوئی۔ 

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں