لاہور ناخوشگوار واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوں گی ، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اعلان

ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا ، جہاں قانون توڑا جائے گا وہاں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا ، سردار عثمان بزدار کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 اپریل 2021 11:01

لاہور ناخوشگوار واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوں گی ، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 اپریل2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لاہور ناخوشگوار واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوں گی ، ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا ، جہاں قانون توڑا جائے گا وہاں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، ریاست اپنی یہ ذمہ داری ہر صورت نبھائے گی ، قانون سب کے لئے برابر ہے ، قانون شکنی کرنے والے عناصر سے قانون کے تحت نمٹا جائے گا، کسی کو بھی ریاست کی رٹ چیلنج نہیں کرنے دیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے ، دین اسلام میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے ، ناخوشگوار واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوں گی کیوں کہ کوئی معاشرہ پر تشدد رویوں کی اجازت نہیں دیتا ، انتہا پسند رویے معاشرے میں بگاڑ پیدا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان نے 11یرغمال پولیس اہلکار چھوڑ دیئے ہیں اور پولیس اہلکار بھی پیچھے ہٹ گئے ہیں جب کہ تحریک لبیک کے افراد بھی مسجد رحمت للعالمین میں چلے گئے ہیں ، جس کے بعد کالعدم تحریک لبیک پاکستان سے بات چیت چل پڑی ہے ، مذاکرات کا پہلا دور کافی بہتری سے مکمل ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سحری کے بعد صبح مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہو گا ، پنجاب حکومت یہ مذاکرات کامیابی سے کر رہی ہے ، پنجاب حکومت کی کالعدم تحریک لبیک کے رہنماوٴں سے میٹنگ کامیاب رہی ہے ، اُمید ہے دوسرا مرحلہ بھی کامیابی سے ہمکنار ہو گا اور 192 ناکوں میں سے جو 1 ناکہ باقی رہ گیا ہے وہاں بھی حالات میں بہتری آئے گی ، اس حوالے سے بات چیت چل پڑی ہے ایک راوٴنڈ مثبت رہا ہے ، اللہ سے اُمید ہے کہ ٹی ایل پی سے معاملات خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں