سعد رضوی سے ملاقات کے بعد صاحبزادہ حامد رضا کا بیان سامنے آگیا

سعد رضوی نے کارکنان سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے، امید ہے مذاکرات میں جوطے ہوگا حکومت اس پرعمل کرے گی، مذاکرات کا اگلا دور جلد شروع ہوگا۔ پنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 19 اپریل 2021 23:31

سعد رضوی سے ملاقات کے بعد صاحبزادہ حامد رضا کا بیان سامنے آگیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل2021ء) سربراہ کالعدم ٹی ایل پی سعد رضوی سے ملاقات کے بعد پنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کا بیان سامنے آگیا ہے، انہوں نے کہا کہ سعد رضوی نے کارکنان سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے، امید ہے مذاکرات میں جوطے ہوگا حکومت اس پرعمل کرے گی، مذاکرات کا اگلا دور جلد شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں علماء وفد جیل میں سربراہ کالعدم ٹی ایل پی حافظ سعد رضوی سے ملاقات کی، وفد میں ثروت اعجازقادری، میاں جلیل شرقپوری، صاحبزادہ ابوالخیرزبیر اور دیگر بھی شامل تھے۔

ملاقات میں مذاکراتی وفد نے جیل میں ہی سعد رضوی کے ساتھ افطاری کی۔ سعد رضوی اور علماء وفد کے درمیان 5 گھنٹے سے زائد وقت پر محیط مذاکرات ہوئے۔

(جاری ہے)

کوٹ لکھپت جیل میں سربراہ کالعدم تحریک لبیک سعد رضوی سے ملاقات کے بعد صاحبزادہ حامد رضا نے بتایا کہ سعد رضوی نے کارکنان سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔ ملاقات میں پیشرف ہوئی ہے، امید ہے مذاکرات میں جوطے ہوگا حکومت اس پرعمل کرے گی، مذاکرات کا اگلا دور جلد شروع ہوگا۔

اس سے قبل علماء وفد نے ملاقات میں سعد رضوی سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی۔ علماء نے سعد رضوی سے درخواست کی کہ انتشار اور جلاؤ گھیراؤ سے اپنے ہی ملک کا نقصان ہوا،ملک میں امن وامان کی فضا ء کو قائم رکھا جائے۔ مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی جائے، لاہور کا دھرنا بھی ختم کیا جائے۔علماء وفد نے سعد رضوی سے ویڈیو پیغام جاری کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

تاہم ابھی مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کو مذہبی معاملات پر سخت بیان بازی سے روک دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں امن وامان، سیاسی امور اور مہنگائی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں۔ ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ تحفظ ناموس ﷺ کے مسئلے پر مسلم امہ کے ساتھ مل کرعالمی مہم چلا رہے ہیں۔وزیراعظم نے ترجمانوں کو مذہبی معاملات پر سخت بیان بازی سے بھی روک دیا ہے۔ 

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں