دوران پرواز روزہ ہرگز نہیں رکھنا،پی آئی اے کی جہاز کے عملے کو ہدایت

اگر روزہ رکھنا ناگزیر ہو تو چھٹی کی درخواست دے کر گھر جا کر رکھیں

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 20 اپریل 2021 05:19

دوران پرواز روزہ ہرگز نہیں رکھنا،پی آئی اے کی جہاز کے عملے کو ہدایت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2021ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے دوران پرواز اپنے پائلٹس اور کیبن کریو کے روزہ رکھنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روزہ رکھنا ناگزیر ہو تو وہ چھٹی کی درخواست دے دیں۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی جانب سے 16 اپریل کو جاری اعلامیے میں اپنے پائلٹس اور کیبن کریو کے عملے کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ دوران پرواز روزہ رکھنے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر متعلقہ افراد یہ محسوس کرتے ہیں کہ روزہ رکھنا ناگزیر ہے تو وہ مذکورہ مدت کے لیے چھٹی کی درخواست دے سکتے ہیں۔اعلامیے میں اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ روزے رکھنے سے انسان کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے اور دوران پرواز مناسب غذا انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے پائلٹس کی غلطی اور حادثے کی شرح کم ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں کہا گیا کہ تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ روزے کی حالت میں انسان کا جسم کمزوری کا شکار ہو جاتا ہے اور خون میں گلوکوز کی مقدار کم ہو جاتی ہے جس کے نتیجے میں ذہن اور جسم کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔انہوں نے مؤقف اپنایا کہ تھکان، کارکردگی میں کمی اور معصوم انسانی جانوں کو لاحق خطرات جیسے عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ہدایت کی جاتی ہے کہ پائلٹس دوران پرواز روزہ رکھنے سے گریز کریں۔

جنرل منیجر فلائٹ سروسز عامر بشیر کے دستخط سے جاری اس اعلامیے میں کہا گیا کہ 'اس اعلامیے پر عمل نہ کرنے کی صورت میں روزہ رکھنے والوں کا لائسنس معطل کیا جا سکتا ہے'۔اس حوالے سے آپریٹرز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئی بھرتیوں کے وقت کنٹریکٹ میں تمام افراد سے حلف نامے پر دستخط لیں کہ وہ رمضان میں دوران پرواز روزہ نہیں رکھیں گے۔سول ایوی ایشن رولز 1994 کی شق 41(3) کے تحت جاری اس اعلامیے میں روزہ رکھنے کے خواہشمند افراد کو سہولیات کی فراہمی کا حکم دیتے ہوئے بھی کہا گیا ہے کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ روزہ نہیں چھوڑ سکتا تو وہ چھٹی کی درخواست دے سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں