مسلمانوں کی افطار پارٹیوں پر پابندی عائد کی جائے

کنگنا رناوت نے بھارتی وزیراعظم کو خصوصی اپیل کر دی،سوشل میڈیا پر عوام نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 20 اپریل 2021 05:47

مسلمانوں کی افطار پارٹیوں پر پابندی عائد کی جائے
ممبئی:  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2021ء) بالی وڈ کی متنازعہ اداکارہ کنگنا رناوت نے مسلمان دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک میں افطار پارٹیوں پر پابندی لگائی جائے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز کنگنا رناوت نے وزیراعظم نریندر مودی سے ٹوئٹر پر درخواست کی، پرائم منسٹر جی براہ مہربانی رمضان میں اجتماعات (افطار پارٹیوں) پر پابندی لگائی جائے۔

تاہم سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد کنگنا نے یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کردیا۔ لیکن ٹویٹ کا سکرین شاٹ وائرل ہوگیا۔واضح رہے کہ کنگنا رناوت ماضی میں بھی متنازع بیانات پر عوام کی شدید تنقید کا نشانہ بنتی رہی ہیں۔ بھارتی وزیراعظم مودی کی جانب سے ظالمانہ طرز کے زرعی قوانین متعارف کروانے پر جہاں بھارت بھر میں احتجاج شروع ہوا تو اپنی عادت سے مجبور کنگنا نے کسان مظاہرین کے خلاف بیان بازی شروع کر دی جس پر انہیں شدید عوامی رد عمل کا سامنا کرنا پڑا اور اپنے بیانات پر یوٹرن لینا پڑا۔

(جاری ہے)

کنگنا رناوت کی اس ٹویٹ سے بھارت میں رہنے والے ہندوؤں کی انتہاپسند سوچ کا اندازہ آسانی سے لگایا جا سکتا ہے کہ اگر ایک لائم لائٹ میں رہنے و الی محترمہ کا تعصب مسلمانوں کے خلاف اس قدر بھیانک ہے تو دیگر ان پڑھ اور کم علم رکھنے والے ہندو کیا سوچتے ہوں گے۔حالانکہ کنگنا رناوت کو بذات خود جس قسم کی اقربا پروری کا سامنا کرنا پڑا ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے تو کنگنا کو اس قسم کی ٹویٹ کرنے سے احتراز برتنا چاہیے تھا۔

مگر اس سب کے باوجود بھی اس نے مسلمانوں کے عظیم تہوار کو تنقید کا نشانہ بنانا ضروری سمجھا اور پھر اس پر شدید تنقید کے بعد اسے یوٹرن لینا پڑ گیا۔تاہم کنگنا رناوت کی سوچ کو مدنظر رکھتے ہوئے ان چند نام نہاد لبرل حضرات کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں جو پاکستان کو انڈیا کے ساتھ بہتر تعلقات رکھنے اور کشمیر پالیسی پر نرمی برتنے کا مشورہ دیتے رہتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں