جہانگیر ترین گروپ کا حکومتی سیاسی کمیٹی سے ملاقات سے انکار

ہمیں وزیر اعظم سے ملاقات کی یقین دہانی کروائی گئی تھی ، اس لیے صرف عمران خان سے ہی ملاقات کی جائے گی ، جہانگیر ترین گروپ نے حکومت کو پیغام بھجوادیا ، ذرائع

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 اپریل 2021 10:24

جہانگیر ترین گروپ کا حکومتی سیاسی کمیٹی سے ملاقات سے انکار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 اپریل2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ نے حکومتی سیاسی کمیٹی سے ملاقات سے انکارکردیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر جہانگیر ترین کے حامی ارکان سے جلد اعلٰی سطح کی ایک کمیٹی نے ملاقات کرنا تھی تاہم جہانگیر ترین گروپ کی جانب سے حکومتی سیاسی کمیٹی سے ملاقات سے معذرت کرلی گئی ہے ، اس حوالے سے ذرائع کہتے ہیں جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ہمیں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کروائی گئی تھی ، اس لیے صرف وزیر اعظم سے ہی ملاقات کی جائے گی کیوں کہ عمران خان ہی ہمارے کپتان ہیں ، لہٰذا ہم اپنے تحفظات صرف کپتان سے ہی شیئر کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے یہ بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے جہانگیرترین گروپ کو ملاقات کیلئے گرین سگنل دے دیا تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر جہانگیر ترین کے حامی ارکان سے جلد اعلٰی سطح کی ایک کمیٹی ملاقات کرے گی جس پر جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر 21 اپریل کا افطار ڈنر پروگرام ملتوی کردیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ملاقات کا گرین سگنل ملتے ہی جہانگیرترین کی رہائشگاہ پر 21 اپریل کو حامی ارکان کو دیاجانے والا افطار ڈنر پروگرام ملتوی کردیا گیا ہے کیوں کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر رواں ہفتے میں جہانگیرترین کے حامی ارکان سے اعلی سطح کی کمیٹی ملاقات کرے گی ، کمیٹی ارکان کے نام وزیراعظم فائنل کریں گے، کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم اور جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات کا فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے سازشی کا نام آئندہ پانچ روز میں سامنے لانے کا عندیہ دیا تھا، جہانگیر ترین نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ سازش کون کررہا ہے لیکن جلد پتہ چل جائےگا، اسحاق خاکوانی نے کہا کہ سازشی کا نام آئندہ پانچ یا چھ روز میں بتا دیں گے ، 17 اپریل کو عدالت میں پیشی کے موقع پر جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کی تو اس موقع پر ان کے ہمراہ راجہ ریاض، اسحاق خاکونی اور دیگر ارکان بھی موجود تھے، ان سے سوال کیا گیا کہ سازش کون کر رہا ہے آپ نام کیوں نہیں لیتے؟ جس پر جہانگیر ترین نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ سازش کون کررہا ہے لیکن جلد پتہ چل جائے گا ، جب یہی سوال اسحاق خاکونی سے پوچھا گیا توجہانگیر ترین نے ان کے کان میں نام نہ بتانے کی سرگوشی کی ، جس پر اسحاق خاکونی نے کہا کہ پانچ سے چھ روز میں بتا دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں