کالعدم تحریک لبیک نے مسجد رحمت العالمین کے باہر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا

مسجد کے باہر دونوں اطراف کی سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹا کر راستہ بحال کر دیا جائے، رہنما کالعدم تحریک لبیک محمود اعوان

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 20 اپریل 2021 19:09

کالعدم تحریک لبیک نے مسجد رحمت العالمین کے باہر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 20 اپریل 2021) تحریک لبیک نے مسجد رحمت العالمین کے باہر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کالعدم تحریک لبیک کے رہنما محمود اعوان نے اعلان کیا ہے کہ مسجد رحمت اللعالمین کے باہر دھرنا ختم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مظاہرین کو ہدایت کی کہ مسجد کے باہر دونوں اطراف کی سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹا کر راستہ بحال کر دیا جائے۔

محمود اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے فرانسسی سفیر کی ملک بدری کی قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کر دی ہے، لہٰذا حکومت کے ساتھ معاہدےکے تحت مسجد رحمت اللعالمین کے باہر دھرنا ختم کر دیا جائے۔ رہنما کالعدم تحریک لبیک محمود اعوان نے کہا کہ تمام کارکن دونوں طرف سےسڑکیں خالی کردیں۔واضح رہے کہ کالعدم تحریک لبیک کی جانب سے دھرنا دیے جانے کی وجہ سے ملک بھر میں حالات کافی کشیدگی اختیار کر گئے تھے۔

(جاری ہے)

تحریک لبیک کے کارکنان کی جانب سے پولیس آفیسرز کو تشدد کا نشانہ بنانے اور دو پولیس آفیسرز کو قتل کرنے کے بعد حکومت نے تحریک لبیک کو کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کر دیا تھا۔ تاہم پولیس کی جانب سے تحریک لبیک کے کارکنان پر فائرنگ کرنے اور مذہبی جماعت کے متعدد مظاہرین کے یتیم خانہ چوک میں جاں بحق ہو جانے کے بعد ملک بھر سے سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔

جس کے بعد معاملات کو قابو کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری سونپی، جس میں مختلف اہم اقدامات پر اتفاق پا گیا۔ حکومت کی جانب قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے حوالے سے بحث کی قرار داد بھی پیش کی گئی۔ قرارداد کے اہم نکات یہ تھے کہ یہ ایوان فرانسیسی میگزین کی جانب سےنبیﷺکی شان میں گستاخی کی مذمت کرتاہے۔

فرانسیسی صدر کی گستاخی کرنیوالے عناصر کی حوصلہ افزائی افسوسناک ہے، قرارداد فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے مسئلے پر بحث کی جائے۔ یورپی ممالک بالخصوص فرانس کو معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا جائے۔ تمام مسلم ممالک سے معاملے پر سیر حاصل بات کی جائے۔ اس مسئلے کو اجتماعی طور پر بین الاقوامی فورمزپر اٹھایا جائے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کااجلاس ہوا، جس میں حکومت ‏اور اتحادی جماعتوں کے اراکین شریک ہوئے، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فرانسیسی سفیر کو ‏ملک بدر کرنے کی قرار داد کا متن پیش کیا گیا اور قرار داد کا متن تمام ارکان کےسامنے پڑھ کر سنایا ‏گیا ۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی سفیر ملک بدر کرنے کیلئے پارلیمنٹ سے رائے لی ‏گئی ہے ، فرانسیسی سفیر کو کیوں نہ ملک بدر کیاجائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں