ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کیلئے درخواستیں دینے والے افراد کیلئے خوشخبری، 2000 اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کیلئے قرعہ اندازی

وزیر اعلی آفس میں آج ایل ڈی اے سٹی نیاپاکستان اپارٹمنٹس کی قرعہ اندازی کی تقریب منعقد ہوئی، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 21 اپریل 2021 16:32

ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کیلئے درخواستیں دینے والے افراد کیلئے خوشخبری، 2000 اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کیلئے قرعہ اندازی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2021ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) وزیر اعلی آفس میں آج ایل ڈی اے سٹی نیاپاکستان اپارٹمنٹس کی قرعہ اندازی کی تقریب منعقد ہوئی- وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر ایل ڈی اے سٹی نیاپاکستان اپارٹمنٹس کی قرعہ اندازی کی-وزیر اعلی آفس میں 2000 اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کے لئے وصول ہونے والی 13277 درخواستوں کی قرعہ اندازی ہوئی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ قرعہ اندازی میں کامیاب درخواست گزار لیٹر آف کمفرٹ کے حصول کے لئے بینک آف پنجاب یا اس کے مقررکردہ بینکوں سے رجوع کریں گے-اپارٹمنٹ کی قیمت تقریبا 27 لاکھ روپے ہے -کامیاب امیدوار نیفڈا سے سبسڈی حاصل کرنے کے لئے الگ سے درخواست دے سکتے ہیں -نیفڈا سے سبسڈی حاصل کرنے میں کامیاب ہونے والے درخواست گزار 10 فیصد جبکہ دیگر 21 فیصد ڈاؤن پے منٹ جمع کروائیں گے -اپارٹمنٹ کی باقی قیمت اپارٹمنٹ میں شفٹ ہونے کے بعد آسان ماہانہ اقساط میں ادا کرنا ہو گی -وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے عوام کے لئے اپنے گھر کا خواب حقیقت کا روپ دھارا رہاہے-لاہور میں پہلے مرحلے میں صوبائی، وفاقی اورایل ڈی اے ملازمین کو 2ہزار اپارٹمنٹس الاٹ کیے جائیں گے- 13ہزار سے زائد درخواستوں کا وصول ہونا عوام کا اس منصوبے پر بھر پور اعتماد کا اظہار ہے -ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کا یہ منصوبہ بغیر نفع نقصان فنانشل ماڈل پر شروع کیاگیاہے - مختصر مدت میں اپارٹمنٹس تیار کر کے الاٹی کے حوالے کر دیئے جائیں گے-ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس سکیم کا معیار کسی بھی اچھی پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم سے بہتر ہوگا اوراس سکیم میں 60فیصد رقبہ گرین بیلٹ پارکس اورفٹ پارک اورسڑکوں کیلئے مختص ہے-ہر اپارٹمنٹس کے لئے الگ پارکنگ ہوگی اورکمرشل ایریا بھی قائم کیا جارہا ہے اورہر بلاک میں بھی اشیاء ضروریہ کیلئے شاپس بھی قائم کی جائیں گی-ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس سکیم میں کمیونٹی سینٹر،سکول،ڈسپنسریاں،مساجد اورپارکس بنائے جائیں گے-بجلی کانظام زیر زمین ہوگااورپانی کیلئے ٹینک وغیرہ بھی بنائے جائیں گے-ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس سکیم کے تحت 35ہزار سے زائد اپارٹمنٹس کی تعمیر بتدریج مکمل کی جائے گی-صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، میاں اسلم اقبال، مراد راس، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ایم پی اے سعدیہ سہیل، وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں