میاں اسلم اقبال سے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد احمد

کی قیادت میں وفدکی ملاقات صوبائی وزیر کی ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی، وفاق سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے رابطہ کیا جائے گا‘صوبائی وزیر

بدھ 21 اپریل 2021 18:13

میاں اسلم اقبال سے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد احمد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2021ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد احمد کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی۔سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات کے دوران وفد نے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفدنے سپیشل اکنامک زونز میں زمین کی خریداری کے لیے بنائے گئے آن لائن پورٹل سے پیدا ہونے والی مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔

وفدنے صنعتکاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن، کھرڑیانوالا انڈسٹریل اسٹیٹ کے انفراسٹرکچرکے مسائل حل کرنے اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے لیی150 سے 200 ایکڑ اراضی پر مشتمل علیحدہ بلاک بنانے کا مطالبہ کیا۔صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وفاق سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو صنعتی یونٹس لگانے کے لیے ہر ممکن سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ صنعتکاری کے عمل میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔ صنعتکاروں کے ٹیکسوں سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے بھی عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ نئی صنعتیں لگا کر روزگار کے مواقع بڑھانا اور برآمدات بڑھا کر معیشت کا استحکام وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھرڈ پارٹی کے ذریعے بائلرز کی انسپیکشن حکومت کا قابل تحسین اقدام ہے۔صوبائی وزیر نے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کو ایم۔ تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں 150 سے 200 ایکڑ اراضی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پلاٹ حاصل کرنے والے ٹائم لائن کے اندر صنعتی یونٹس لگانے کے پابند ہونگے۔انہوں نے کہا کہ ایسی پالیسی بنائی جائے جس سے صنعتکاروں کو صنعتی یونٹس لگانے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ سیکرٹری صنعت و تجارت واصف خورشید،سیکرٹری لیبر، ایڈیشنل سیکرٹری ماحولیات، چیئرمین فیڈمک اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے جبکہ وفد میں وائس چیئرمین ثاقب مجید اور ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز شامل تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں