ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کا انعقاد کھٹائی میں پڑ گیا،بھارت میں کورونا نے تباہی مچا دی

ہزاروں کی تعداد میں روزانہ کی بنا پر نئے کیسز سامنے آنے لگے،آئی سی سی کا تشویش کا اظہار

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 23 اپریل 2021 04:14

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کا انعقاد کھٹائی میں پڑ گیا،بھارت میں کورونا نے تباہی مچا دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2021ء) کورونا کی تیسری لہر اور کہیں چوتھی لہر نے دنیا بھر میں اودھم مچا رکھا ہے۔کورونا ویکیسن کی ایجاد کے باوجود بھی کورونا وبا ہمارے سروں سے ٹلنے کا نام نہیں لے رہی۔آئے روز اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہاہے۔ہمارے پڑوسی ملک بھارت کے حالات بھی کورونا وبا نے دگرگوں کر دیے ہیں جس وجہ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد بھی کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

بھارت بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں طوفان جیسی تیزی کے باعث ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، بڑھوتری کے باعث ملک کا نظام زندگی مفلوج ہو گیا، آکسیجن کی قلت پڑ گئی ہے، جبکہ وزیراعظم نریندرا مودی کی طرف سے عوام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ احتیاط کریں بصورت دیگر لاک ڈاؤن لگانے کے راستے پر جانا ہو گا۔

(جاری ہے)

بھارت میں کورونا وائرس کی کیسز کی تعداد میں بڑھنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال کا بغور جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے وفد کا 26 اپریل کا دورہ بھارت بھی خطرے میں پڑ گیا۔ آئی سی سی نے وفد کا موجودہ صورتحال میں بھارت جانا چیلنج قرار دیدیا۔آئی سی سی کے مطابق ٹیموں اور براڈ کاسٹرز، صحافیوں صحت اور حفاظت کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔

آئی سی سی کے لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد ایک بہت بڑا چیلنج بن گیا۔آئی سی سی وفد نے ورلڈ کپ کے لیے بھارت کے 9 مجوزہ وینیوز کا بھی جائزہ لینا ہے، آئی سی سی جائزہ لینے کے بعد وینیوز کا حتمی فیصلہ کرے گا۔یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اکتوبر، نومبر میں بھارت میں کھیلا جانا ہے۔ احمد آباد کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کیلئے تجویز کیا گیا ہے۔ بنگلور، چنئی، دہلی، دھرم شالا، حیدر آباد، کولکتہ میزبان شہروں کی تجاویز میں شامل ہے، ممبئی اور لکھنو شہر بھی ورلڈ کپ مقابلوں کی میزبانوں کی ابتدائی فہرست میں شامل ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں