لاہور میں 13 سالہ گداگر بچی سے تین افراد کی اجتماعی زیادتی

بیٹی بھیک مانگنے کیلئے رنگ محل گئی، جہاں اسے تین افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ لڑکی کے والد کا بیان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 اپریل 2021 11:17

لاہور میں 13 سالہ گداگر بچی سے تین افراد کی اجتماعی زیادتی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2021ء) : لاہور میں 13 سالہ گداگر بچی کو تین افراد نے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق شیرا کوٹ میں 13 سالہ لڑکی کو 3 افراد نے مبینہ طور پرزیادتی کا نشانہ بنا دیاجب کہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کے والد کو حراست میں لے لیا۔ متاثرہ لڑکی کے والد نے پولیس کو بتایا کہ میرا گھرانا شاہدرہ کے علاقہ میں 25 نمبر اسٹاپ کے قریب جھگیوں میں رہتا ہے۔

والد کا کہنا تھا کہ میری بیٹی بھیک مانگنے کیلئے رنگ محل گئی جہاں سے نامعلوم رکشہ ڈرائیور اسے ملک پارک شیرا کوٹ کے ایک خالی کوارٹرمیں لے گیا۔ لڑکی کے والد کے مطابق رکشہ ڈرائیور نے 2 ملزموں رمضان اور علی سے مل کر اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔ پولیس اور تحقیقاتی ٹیموں نے واقعہ کے بعد جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کیے اور میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد شیرا کوٹ تھانے میں زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کے بعد ایک ملزم کے والد کو حراست میں لیا اور متاثرہ خاندان کو تینوں ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی بھی کروائی۔ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، انہیں جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ واضح رہے کہ کم سن بچیوں اور بچوں سے زیادتی کے واقعات میں گذشتہ ایک برس کے دوران ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔

اس حوالے سے غیر سرکاری تنظیم نے ایک رپورٹ مرتب کی گئی جس کے مطابق گذشتہ سال کے دوران 1510 بچیاں جبکہ 1450 بچے جنسی تشدد کا شکار ہوئے۔ اس رپورٹ کے مطابق کم عمری کی شادی کے 119 واقعات جب کہ 7 واقعات میں بچیوں کو ونی کیا گیا ہے، 50 بچوں اور بچیوں کو مدرسہ جات میں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس طرح بچوں کو اسپتال ،ہوٹل، کار، کلینک، کالج، فیکٹری، جیل، پولیس سٹیشن، شادی ہال، قبرستان اور دیگر کئی جگہوں پر بھی جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

2020ء کے دوران بچوں پر جنسی تشدد کے واقعات سب سے زیادہ صوبہ پنجاب میں کُل 1707 رپورٹ ہوئے، صوبہ سندھ میں 861 ، صوبہ بلوچستان میں 53، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 102 ، خیبر پختون خوا میں 215، آزاد کشمیر میں 18 اور گلگت بلتستان میں بچوں سے زیادتی کے 4 واقعات رپورٹ ہوئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں