چیئرمین ایف بی آر عاصم احمدانکم ٹیکس ، آئی ٹی ایکسپرٹ ہیں ،تعیناتی سے سسٹم میں بہتری ممکن ہے‘ لاہور ٹیکس بار

سب سے پہلے ایف بی آر کے افسران اور عملے کو آن لائن سسٹم کی تربیت کی ضرورت ہے ‘پیٹرن ضیا حیدر رضوی

جمعہ 23 اپریل 2021 11:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2021ء) لاہور ٹیکس بار کے پیٹرن ضیا حیدر رضوی نے کہا ہے کہ ایک عرصہ بعد انکم ٹیکس سے ایف بی آر کے چیئرمین کی تعیناتی ہوئی ہے جوکہ خوش آئند بات ہے اور وہ آئی ٹی کے ایکسپرٹ بھی ہیں ،امید ہے کہ اب سسٹم میں نہ صرف آئی ٹی کو لایا جائے گا بلکہ نظام کو سہل بھی بنایا جائے گا ،سب سے پہلے اپیل فورم پر توجہ کی ضرورت ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں اپیلزآن لائن دائر کی جاتی ہیں مگر افسران کی تربیت ہی نہیں کی گئی۔

ٹیکس بار کے سینئر عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ تربیت نہ ہونے کی وجہ سے افسران اپیلوں کو آن لائن چیک کرکے ٹیکس دہندگان کو ریلیف دینے میں دانستہ سستی و کاہلی کا مظاہرہ کرتے ہیںجس کی وجہ سے ٹیکس پریکٹیشنر زاور ٹیکس پیئر زکو مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

50ہزار سے زائد اپیلیں صرف لاہور میں زیر التواء پڑی ہیں ،اپیل کا مقررہ وقت گزرنے پر افسران یکطرفہ کارروائی عمل میں لاکر ٹیکس پیئر زکے بینکوں سے رقم نکلوانے میں دیر نہیں لگاتے اور بعد میں جب ٹیکس پیئر زکے حق میں فیصلہ آتا ہے تو رقم واپس لینا نا ممکن ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے ٹیکس پیئر زکا محکمے سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ٹیکس نظام میں بہتری لانے کے لیے روزانہ تقاریر کرتے نظر آتے ہیں مگر دوسری طرف افسران کے رویوں اور غیر قانونی ہتھکنڈوں پر کوئی فرق نہیں پڑتا،ٹیکس بیس وسیع ہونے کی بجائے مزید کمی واقع ہو رہی ہے جس کا اندازہ ٹیکس گوشواروں سے لگایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مشرف دور کے چیئرمین ایف بی آرعبداللہ یوسف کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس دور کے ٹیکس نظام کا مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ ٹیکس نظام میں بہتری لائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں