کورونا کے بعد بارشوں سے ایک اور وائرس پھیلنے کا خطرہ

ترجمان محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 اپریل 2021 13:03

کورونا کے بعد بارشوں سے ایک اور وائرس پھیلنے کا خطرہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2021ء) : کورونا وائرس کے بعد بارشوں سے ایک اور وائرس پھیلنے کا خطرہ ہونے کا انکشاف ہوا جس کے تحت ترجمان محکمہ صحت نے عوام سے اپیل بھی کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے بعد بارشوں سے ڈینگی وائرس پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔ کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی نے تمام اضلاع کو ڈینگی لاروا تلف کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ کے دربارہال میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹر ی پرائمری ہیلتھ سارہ اسلم سمیت تمام کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسر شریک ہو ئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خدشے کا اظہار کیا گیا کہ حالیہ بارشوں سے ڈینگی مچھر کی افزائش ہونے سے کیسز بڑھ سکتے ہیں اس لیے فوری طور پر ڈینگی لاروا کو تلف کرنے کے مؤثر اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ تمام کمشنرز اور ڈی سی لاروا سائڈنگ کے عمل کی ڈیش بورڈ پر خود نگرانی کریں۔ وزیر صحت نے کہا کہ ڈیںگی کی روک تھام کے اقدامات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھ کر ڈینگی وائرس سے محفوظ رہیں، ڈینگی اورکورونا کی علامات ظاہر ہونے پر طبی رہنمائی کے لیے 1033پر رابطہ کریں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات سے لاہور میں داخل ہونے والے بارشوں کے نئے سسٹم سے ہفتے کے روز تک بارشیں ہوں گی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے باعث شہر کے درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں