چوہدری سرور سے جہانگیر ترین گروپ کے سینئر رہنمائوں کی ملاقات

گورنر پنجاب نے وزیراعظم سے گروپ کے رہنمائوں کی ملاقات جلد یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرنے کا وعدہ کرلیا

جمعہ 23 اپریل 2021 16:16

چوہدری سرور سے جہانگیر ترین گروپ کے سینئر رہنمائوں کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2021ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے جہانگیر ترین گروپ کے سینئر رہنمائوں کی ملاقات ہوئی ہے ،چوہدری سرور نے وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر ترین گروپ کے رہنمائوں کی ملاقات جلد یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرنے کا وعدہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب سے جہانگیر ترین گروپ کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض ،صوبائی وزرا ء اجمل چیمہ، خیال احمد کاسترو سمیت دیگر نے ملاقات کی۔

راجہ ریاض اور دیگر نے گورنر پنجاب کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔ چوہدری سرور نے یقین دہانی کرائی کہ آپ کے جو بھی تحفظات ہیں ان کو دور کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے آپ لوگوں کی ملاقات جلد یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کروں گا ، پارٹی کا ہر فرد عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے، ملکی ترقی اور استحکام کیلئے موجودہ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے، کمزور اور غریب طبقے کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ حکومت کے ہر منصوبے کا مقصد ملکی ترقی اور خوشحالی ہے، انشا اللہ تحریک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی، عام انتخابات 2023 میں ہی ہوں گے ، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم اور احساس پروگرام حکومت کی غریب دوستی ہے، پنجاب آب پاک اتھارٹی پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرے گی ، فیصل آباد ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں